• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللّٰہ تعالی نے ہمیں اپنی کوششوں میں کامیابی عطا کی، صدر ایف پی سی سی آئی

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نومنتخب صدر میاں ناصر حیات مگوں نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالی نے ہمیں اپنی کوششوں میں کامیابی عطا کی۔

ایف پی سی سی آئی کی نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، ایگزیکٹو کمیٹی کے مکمل ہاؤس نے تمام ایجنڈا نکات اور انتخابی نتائج کی متفقہ طور پر تصدیق کی۔

یو بی جی کے صدارتی امیدوار خالد تواب نے تین اپوزیشن ای سی ممبران کے ہمراہ اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

اس موقع پر نومنتخب صدر ناصر حیات مگوں نے کہا کہ وہ ملکی معیشت کی ترقی اور کاروباری برادری کے مفادات کے لیے ایف پی سی سی آئی کو موثر اور مضبوط ادارہ بنائیں گے، پالیسی سازی میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بیک وقت ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس کراچی (چیئر)، کیپٹل آفس اسلام آباد، ریجنل آفس لاہور، ریجنل آفس کوئٹہ اور ریجنل آفس پشاور میں ویڈیو لنک کے ذریعے ایک ساتھ منعقد ہوا جس کی صدارت میاں ناصر حیات مگوں صدر ایف پی سی سی آئی نے کی۔

صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالی نے ہمیں اپنی کوششوں میں کامیابی عطا کی ہے ہم سب کاروباری برادری اور اپنے ادارے کے ساتھ مخلص ہیں اور کاروبار ی برادری کی ترقی اور اس کے مفادات کے تحفظ کے لیے بلا امتیاز اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور اپنے ادارے کا نام بلند کریں گے۔

انہوں نے نو منتخب سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم اور نو منتخب نائب صدور اطہر سلطان چاؤلہ، محمد حنیف لاکھانی، چوہدری محمد سلیم، محمد عارف یوسف جیوا، عدیل صدیقی، محمد زاہد شاہ، راجہ محمد انور، ناصر خان، فرزانہ علی احمد اور محمد نواز کو ان کی کامیابی پرمبارکباد دی۔ 

خالد تواب نے تین اپوزیشن ای سی ممبران کے ہمراہ اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا۔ 

دوسری جانب نومنتخب نائب صدور محمد عارف یوسف جیوا، محمد نواز اور عدیل صدیقی نے اجلاس میں کھلے دل سے شرکت کی صدر میاں ناصر حیات مگوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ مشترکہ طور پر کام کریں گے اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے مکمل ہاؤس نے تمام ایجنڈا نکات اور انتخابی نتائج کی متفقہ طور پر تصدیق کی اور ایف پی سی سی آئی کے بانی طارق سعید اور سابق صدر میاں انجم نثار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم کبھی بھی ایف پی سی سی آئی کو مضبوط بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی اور ہم اسی توانائی اور جوش کے ساتھ کام کریں گے جو سابق صدر میاں انجم نثار اور ان کی ٹیم نے بزنس کمیونٹی کی بہتری کے لیے دکھایا تھا۔

تازہ ترین