دنیا بھر میں نت نئے ریکارڈز قائم کرنے کا جنون کرتب بازوں کا مشغلہ ہے اور ایسے ہی جنون میں مبتلا ہو کر ایک منفرد اور حیران کن ریکارڈ قائم کرلیا گیا ہے جو تاش کے پتوں کی مدد سے قائم کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس شخص نے 51 ہزار 725 تاش کے پتوں کو ڈومینو اسٹائل میں گرا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔
یہ شاندار کارنامہ ایک چینی کمپنی کی جانب سے انجام دیا گیا، جس نے ایک ایئر ٹائٹ خصوصی کمرہ تیار کیا جسے الٹی میٹ اسپیس کا نام دیا گیا، اس جگہ کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا کہ ہوا کا ایک جھونکا بھی اندر داخل نہ ہو سکے، تاکہ تاش کے پتے وقت سے پہلے نہ گر جائیں۔
ٹیم نے نہایت احتیاط سے 51 ہزار 725 پتے کناروں پر کھڑے کیے لیکن 9 اپریل کو پتوں کا پورا سیٹ قبل از وقت گر گیا اور 10 اپریل کو دوبارہ سیٹنگ کے دوران بھی ایسا ہی ہوا۔
11 اپریل کو پھر کوشش کی گئی، اس دوران بیرونی حصے پر مصنوعی طوفانی ہوا ڈالی گئی، مگر شفاف کمرے میں موجود پتے اپنی جگہ پر قائم رہے، جس کے بعد پتے ترتیب سے گرے جس سے کپنی کا لوگو اور دیگر ڈیزائنز مکمل طور پر ظاہر ہوئے، جس کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم نے کامیابی کی تصدیق کردی۔