کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف نوجوان گلوکار عاصم اظہر کو مبینہ طور پر ڈیجیٹل میوزک پلیٹ فارم ʼویلو ساؤنڈ اسٹیشنʼ سے خارج کر دیا گیا کیونکہ ان کی عمر کم ہے۔سوشل میڈیا پر یہ باتیں گردش کر رہی ہیں کہ گلوکار عاصم اظہر بھی ʼویلو ساؤنڈ اسٹیشنʼ کا حصہ تھے لیکن انہیں اس لیے شو سے خارج کیا گیا کیونکہ یہ ابھی صرف 24 سال کے ہیں اور وہ نکوٹین پروڈکٹ کی حمایت کرنے کے لیے کم عمرہیں۔متعدد انٹرٹینمنٹ ویب سائٹس کی رپورٹس کے مطابق عاصم اظہر نے کمپنی کے لیے 2 گانے ریکارڈ کیے تھے جس کے بعد ان کے گانوں کو ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس شو کے قانونی معاہدے کے مطابق 25 یا اس سے زائد عمر کے گلوکار ہی اس کا حصہ بن سکتے ہیں کیونکہ نکوٹین کی تشہیر یا حمایت کرنے کے لیے آپ کی عمر 25 یا اس سے زیادہ ہونا لازمی ہے۔اس حوالے سے گلوکار عاصم اظہر اور میوزک شو کے پروڈیوسر بلال مقصود کی جانب سے تا حال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو اور نیس کیفے بیس منٹ کی طرح سال 2020میں ویلو ساؤنڈ اسٹیشن ڈیجیٹل میوزک شو پیش کیا گیا ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔