کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)مچ میں پیش آنے والے دلخراش واقعہ کے خلاف اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے حمیدہ ہزارہ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور واقعے کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حمیدہ علی ہزارہ و دیگر نے کہاکہ مچ میں پیش آنے والے دلخراش اور انسانیت سوز واقعہ سے بلوچستان بھر کے عوام غمزدہ ہیں اس طرح کے واقعات پر اب حکومت کی جانب سے مذمتی بیانات نامناسب ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف آگے قدم اٹھانا اور عوام کے تحفظ کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس طرح واقعات کی اسلام میں تو درکنار انسانیت بھی اجازت نہیں جن لوگوں نے یہ اقدام کیاوہ انتہائی انسانیت سوزہے اس طرح کے واقعات پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے ۔