• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور میں پی ڈی ایم شو میں پاور نہیں تھی، شاہ محمود قریشی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بہاولپور میں پی ڈی ایم کا شو تھا لیکن اس میں پاور نہیں تھی اس لئے اسے پاور شو نہیں کہوں گا۔

ملتان سے جاری کردہ ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا جنوبی پنجاب کو محروم رکھا گیا تو دیکھنا یہ بھی ہو گا کہ جنوبی پنجاب کو محروم کس نے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے پنجاب میں کس کی حکومت تھی کس کے دور میں جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور شفٹ ہوئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کرتے ہوئے ملتان اور بہاولپور میں دو سیکرٹیریٹ قائم کئے اور جنوبی پنجاب کے فنڈز جنوبی پنجاب میں ہی خرچ کئے جارہے ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم شروع سے ہی کہہ رہے ہیں بھارت کے بیانیہ سے جو آواز مطابقت رکھتی ہو اس آواز نے قوم کی کیا خدمت کرنی ہے ، بھارت آئے روز کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، وہ پاکستان کے اندر دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ بلوچستان میں یکے بعد دیگرے واقعات ہو رہے ہیں جب آپ اداروں پر تنقید کرتے ہیں تو آپ بھارت کے بیانیہ کی ترویج کر رہے ہیں ۔

شاہ محمود نے گزشتہ روز بلوچستان میں ہونے والے واقعے کی پرزور مذمت بھی کی ۔

تازہ ترین