• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے ٹرمپ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رجوع کرلیا

تہران(جنگ نیوز )ایران نے صدر ٹرمپ اور دیگر 47 اعلیٰ امریکی حکام کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے انٹرپول سے ایک بار پھر رجوع کرلیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے وزارت انصاف کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں ہلاکت پر صدر ٹرمپ اور 47 اعلیٰ امریکی حکام کی گرفتاری کے لیے ایک بار پھر انٹرپول میں درخواست جمع کرائی ہے۔

ایران نے گزشتہ برس جنوری میں بغداد ایئرپورٹ پر حملے میں ملک کی سب سے اہم اور طاقتور قدس فورس کے مقبول ترین سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 47 دیگر حکام کو قرار دیا تھا اور انٹرپول سے ان افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔

ایران میں تہران کے پراسیکیوٹر نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر صدر ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کیے تھے جب کہ ایران جنرل قاسم کا بدلہ لینے کے لیے کئی بار امریکا کو دھمکیاں بھی دے چکا ہے اور بغداد میں امریکی سفارت خانے اور فوجی اڈوں پر حملے بھی کیے گئے تھے۔

تازہ ترین