اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دین کی سر بلندی، سماجی انصاف، قومی یکجہتی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے مرحوم قاضی حسین احمد کی جدوجہد اور ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد سے ان کی گہری وابستگی رہی جس کو وہ زندگی بھر بھول نہیں پائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق امیر جماعت اسلامی کی 8ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قاضی حسین احمد کے صاحبزادےآصف لقمان قاضی نے کہا کہ ان کے والد بامقصد زندگی بسر کرنے کو اپنا نصب العین سمجھتے تھے۔ ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے قاضی حسین احمد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے کہا کہ قاضی حسین احمد اپنے آپ میں ایک انقلاب تھے، قومی یکجہتی کے لیے ان کی شراکت ہمیشہ قابل ذکر رہی ۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ وہ ہمیشہ اتحا بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے تھے۔