پشاور( کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس پشاور نے سورے پل حادثہ کے بعد شہر میں اورلوڈ گاڑیوں کے داخلے پر پابند ی عائد کردی ۔چیف ٹریفک پولیس پشاور عباس مجید خان مروت نے ٹریفک حکام کو اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کے احکامات جاری کردیئے اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سیکٹرز کے ٹریفک آفیسرز نے شرکت کی اجلاس کے دوران ٹریفک آفیسرز نے شہر بھر میں ٹریفک نظام سے متعلق چیف ٹریفک آفیسر کو بریفنگ دی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ٹریفک افسران شہر میں اوور لوڈ گاڑیوں کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کرکے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ اوور لوڈ گاڑیوں سے سڑک کو نقصان پہنچنے کیساتھ ساتھ ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں جس کے پیش نظر اس کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹریفک افسران شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے سمیت کورونا وائرس سے بچنے کیلئے اپنا آگاہی مہم جاری رکھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سورے پل پشاور میں ٹرالر سے اورلوڈ کنٹینر گرنے سے تین افراد زخمی ہو ئے تھے ۔