• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں رات گئے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن


کراچی / لاہور / اسلام آباد (نیوز ڈیسک / ٹی وی رپورٹ) ملک بھر میں رات گئے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا اور چاروں صوبے تاریکی میں ڈوب گئے ، جہلم ، منگلا ، تربیلا پاور پلانٹس بند ہوگئے اور 500؍ کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی ، کراچی ، لاہور ، کوئٹہ ، پشاور ، آزاد کشمیر سمیت ہر شہر میں نظام بجلی درہم برہم ہوگیا، اسلام آباد میں بجلی کا نیشنل کنٹرول سسٹم ہائی الرٹ کردیا گیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی فریکوئنسی اچانک 50سے صفر پر آگئی ، سب سے پہلے تربیلا کو بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے عوام تحمل سے کام لیں ۔ وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بریک ڈاؤن اور فریکوئنسی گرنے کی وجہ معلوم کررہے ہیں ۔ وزیراعظم معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ’برائے مہربانی اطمینان رکھیں۔ سب اللہ کا شکر ہے۔ یہ بڑی فنی خرابی کی کوئی وجہ ہے جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بیشتر شہروں اور دیہات میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا۔ملک کے بڑے بجلی گھروں جہلم، منگلا، تربیلا میں پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے سندھ ،پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بجلی کانظام درہم برہم ہو گیا۔بریک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت کئی شہر تاریکی میں ڈوب گئے۔کراچی میں 90فیصد علاقوں میں بجلی معطل ہے ، ائیرپورٹ، وزیراعلیٰ ہاؤس ، گورنر ہاؤس اور اسپتالوں میں بھی بجلی موجود نہیں ۔ ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئنسی اچانک 50سے 0 پر آنے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔ ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ فریکوئنسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ، عوام سے تحمل کی اپیل ہے۔ ترجمان پاورڈویژن کے مطابق تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن ہر پہنچ چکی ہیں ، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب بجلی بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ادھر ملک کے سب بڑے شہر کراچی میں بھی بجلی آدھی رات کو اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں بڑا بریک ڈاون ہوا ہے جس کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔اس بڑے بریک ڈاؤن کے باعث جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ لاہور میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ وہ فالٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کوئٹہ میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کیسکو کے حکام کا کہنا ہے کہ گدو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 30؍ اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام میںلکھا کہ ’برائے مہربانی اطمینان رکھیں۔ سب اللہ کا شکر ہے۔ یہ بڑی فنی خرابی کی کوئی وجہ ہے جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔‘شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم کے مشیر عمر ایوب وزیر برائے بجلی اور ان کی پوری ٹیم بجلی ٹرپ ہونے کے ایشو پر کام کر رہی ہے۔ میری ابھی ابھی ان سے بات ہوئی ہے انشاللہ جلد آپکو آپ ڈیٹ کرتے ہیں۔‘ نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب رات گیارہ بجکر 50 منٹ پر حیدرآباد سمیت ملحقہ اضلاع میں بھی بجلی کا بریک ڈاون ،پورا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاون کی اطلاع ملی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں دہشتگردوں نے نیشنل ٹرانسمیشن لائین کو اڑایا ہے۔

تازہ ترین