• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان میں کورونا کی نئی قسم دریافت، 4 افراد متاثر، دنیا بھر میں کیسز 9 کروڑ 6 لاکھ سے متجاوز

نیویارک، لندن، ٹوکیو (اے پی پی) دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 19لاکھ 43 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ادھر جاپان میں کورونا کی ایک اور نئی قسم دریافت ہوئی ہے جس کے 4 کیسز سامنے آئے ہیں، جاپا نی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مسافر برازیل سے آئے، نئی شکل برطانیہ اور جنوبی افریقا کی قسموں سے مختلف ہے، دوسری طرف 24 گھنٹوں میں برطانیہ میں 54940، ایکواڈور میں 721نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ امریکا میں 500 ہلاک ہو گئے، انڈونیشیا نے غیر ملکیوں کی سفری پابندیوں میں 2 ہفتے کی توسیع کر دی جبکہ جرمنی میں نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ29 لاکھ17ہزارہوگئی جبکہ چوبیس گھنٹوں میں پانچ سو سے زائد مریض ہلاک ہو گئے جس سے اموات کی تعداد تین لاکھ83 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ4 لاکھ67ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ اب تک ایک لاکھ 51 ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد2 لاکھ 3 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد81 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔ ادھر برطانیہ میں کورونا کے 54940 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ72 ہزار سے زائد ہوگئی،563 نئی ہلاکتوں کے بعد اب تک 81 ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جاپان میں کورونا کی ایک اور نئی تبدیل شدہ شکل کی تشخیص ہوئی ہے ۔ جاپان کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ برازیل کی ایمازونا ریاست سے آنے والے4مسافروں میں کورونا کی ایک اور نئی شکل کی تشخیص ہوئی ہ، اس نئی شکل کا مطالعہ کیا جارہا ہے اور اس بات کا پتا لگانے کی کوشش جاری ہے کہ موجودہ ویکیسن اس کے خلاف کتنی کاررآمد ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی جاپان آنے والے مسافروں میں تشخیص ہونے والی شکل تیزی سے پھیلے والے برطانیہ اور جنوبی افریقا کے کورونا کی قسموں سے مختلف ہے۔تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وائرس کی یہ نئی شکل پھیلاو کے اعتبار سے وائرس کی دیگر شکلوں سے زیادہ خطرناک ہے یا نہیں۔ امکان ہے کہ یہ بھی تیز پھیلاو کی صلاحیت رکھتا ہو۔برازیل سے آنے والے چاروں مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے دو افراد کو سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہے ، تیس سالہ خاتون کو سر درد اور گلے میں دکھن کی شکایت ہے جب کہ نوجوان لڑکی میں بیماری کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔ جاپان میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 4061 اموات ہوچکی ہیں۔ایکواڈور کی وزارت صحت نے کہاہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثرہ 721 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ21 ہزار 70 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں وائرس سے کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 14ہزار 177پر برقرار ہے ۔ جرمنی بھر میں نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں ۔ جنوری کے اواخر تک ملک کے زیادہ تر حصوں میں شاپنگ مالز، کنڈر گارٹن اور سکول بند رکھے جائیں گے جبکہ ایک دوسرے سے ملاقات کی آزادی کو بھی مزید محدود بنا دیا گیا ہے۔ اسی طرح متاثرہ علاقے میں کسی ایمرجنسی کے بغیر پندرہ کلومیٹر سے دور جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ جرمنی میں گزشتہ چند روز کے دوران کورونا وائرس سے یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔انڈونیشیا نےکورونا پھیلنےکے خدشات کے باعث غیر ملکی شہریوں کی سفری پابندیوں میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کردی ہے۔ انڈونیشیا کے معاشی وزیر ایریلنگگا ہارارتو نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا پھیلنےکے خدشات کے باعث غیر ملکی شہریوں کی سفری پابندیوں میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ انڈونیشیا کی حکومت نے اس سے قبل یکم سے 14 جنوری تک میں غیر ملکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اب اس پابندی میں مزید 2 ہفتوں کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین