اسلام آباد( نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے کراچی میں بہن کو چھیڑنے سے منع کرنے کی پاداش میں اوباش نوجوانوں کے ہاتھوں قتل ہونیوالے ڈی ایس پی کے بیٹے شاہ زیب کے مقدمہ قتل کے ملزمان کی سزائوں کیخلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران مقتول کے ورثاء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزمان کے وکیل کو دستاویزات ترتیب کیساتھ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ، جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے ملزم شاہ رخ جتوئی اور اس کے شریک ملزمان کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ سے عمر قید کی سزا کیخلاف دائر اپیلوں کی سماعت کی تو ملزمان کے وکیل لطیف کھوسہ نے موقف اپنایا کہ فریقین کے مابین صلح ہوگئی ہے اورصلح نامے کے بعد ملزم کی سزا ختم ہو جاتی ہے جس پر جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کہا کہ آپ ہمیں صلح نامہ تو دکھائیں آپکی دستاویزات ترتیب سے تشکیل نہیں دی گئی ہیں، تمام دستاویزات صلح نامہ سمیت دوبارہ ترتیب دیکر عدالت میں جمع کرائیں، بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 3 ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔