ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ تنازع کو دیگر ملکوں تک پھیلانا نہیں چاہتا، اس تنازع کو اس وقت تک پھیلانا نہیں چاہتے جب تک کہ یہ ہم پر مسلط نہ کر دیا جائے۔
آج تہران میں غیر ملکی سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے خلاف دفاع کا پورا حق رکھتے ہیں، ہم جوہری پروگرام پر سفارتی کوششوں پر توجہ دے رہے تھے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہماری کوششوں کے خلاف یہ جارحیت ہم پر مسلط کی گئی، ہم اپنا دفاع کر رہے ہیں جو بالکل جائز اور مضبوط ہے۔
عباس عراقچی نے یہ بھی کہا کہ ہمارا دفاع جارحیت کا ردعمل ہے، جارحیت رُکے گی تو ہمارا ردعمل بھی خودبخود رُک جائے گا۔