• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن جلسے امن و امان، صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم، شیخ رشید سربراہ

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے جلسوں اور امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے 5رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جس کے سربراہ وزیر داخلہ شیخ رشید ہوں گے ۔ کمیٹی کی جانب سے آج پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کی کال دینےوالےسرکاری ملازمین کے نمائندوں سے مذاکرات کئے جانے کا بھی امکان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آ باد میں امن و امان کی صورتحال کی نگرانی کیلئے وفاقی وزرا ءپر مشتمل5رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ مختلف تنطیموں اور گروپوں کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آ باد میں کئے جانےوالے احتجاج کو مانیٹر کرنےکیلئے امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے تناظر میں تشکیل دی گئی ہے۔وزیر داخلہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی سکیورٹی صورتحال اور دارالحکومت میں ہونے والے مظاہروں سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرے گی ۔ کمیٹی میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر، وزیر قانون و انصاف فروغ نسیم اور وزیر تعلیم وتربیت شفقت محمود شامل ہیں ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کو کنوینر بنایا گیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آج سر کاری ملازمین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کی کال دی ہے جبکہ پی ڈی ایم نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔کمیٹی کی جانب سے سر کاری ملازمین کے نمائندوں سے مذاکرات کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین