• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر:عالیہ کاشف عظیمی

ماڈلز:انیقہ، ہما

سوئیٹرز: موڈ کلاسک نِٹ وئیر

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

ان دِنوں مُلک بَھر میں شدید سردی کا راج ہے،کہیں برف باری ہورہی ہے، تو کہیںدھند نے سارے مناظراپنی لپیٹ میں لے لیے ہیں۔ اور کراچی، جہاں جاڑے کا کچھ زیادہ زور نہیں چلتا تھا، اِمسال تو یہاں بھی دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بہرحال، ایسے سرد موسم میں جی یہی چاہتا کہ کچھ دیرسُنہری دھوپ میں بیٹھا جائے اور سردی کی شدّت کم کرنے کے لیے اُجلے نکھرے، گرم گرم پہناوے زیبِ تن کیے جائیں کہ سُرمئی سیاہی میں ڈھلی شاموں میں سجنے سنورنے کا بھی اپنا ایک الگ ہی لُطف ہے۔ تو لیجیے، ہماری موسم سے ہم آہنگ، جدّت و ندّرت سے بَھرپور اونی، نرم و گرم سوئیٹرز سے مرصّع بزم دیکھیے۔

ایک ماڈل کا سیاہ جینز کے ساتھ سُرمئی رنگ فرنٹ اوپن سوئیٹر کا انداز اسٹائلش ہے، تو دوسری کا سُرمئی جینز کے ساتھ آف وائٹ رنگ فرنٹ اوپن سوئیٹر، جس کی فرنٹ پٹّی پر موتی، نگوں کا کام کیا گیا ہے اور کہیں کہیں نگوں کی آرایش ہے، بے حد حسین لُک دے رہا ہے۔ ایک دوسرے انداز میں ایک نے مِلکی وائٹ رنگ فرنٹ اوپن سوئیٹر کے ساتھ سیاہ و سفید چوخانے پرنٹ مفلر کا انتخاب کیا ہے، تو دوسری کے کریمی رنگ سوئیٹر کے فرنٹ پر گلابی رنگ کے پھول اور آستینوں اور باٹم پر لہرئیے دار ڈیزائننگ خُوب کِھل رہی ہے۔ 

اِسی طرح ایک اور انداز میں ایک نے لائٹ بلیو جینز کے ساتھ کتھٔی رنگ سوئیٹر کا انتخاب کیا ہے، جس کے فرنٹ پر طلائی رنگ ریڈی میڈ بیل اور کہیں کہیں موتی کی آرایش جچ رہی ہے، تو دوسری کی بلیو جینز کے ساتھ ہلکے مٹیالے رنگ سوئیٹر کی جاذبیت بھی کمال ہے۔ چوتھے انداز کے لیے دونوں نے پاکٹس سوئیٹرز کا انتخاب کیا ہے، مگر رنگ اور اسٹائل الگ الگ ہیں۔ ایک کا کیمل رنگ سوئیٹر ہے تو دوسری کا بسکٹی رنگ۔

ہمیں یقین ہے، ہمارا یہ سرما رُت کا نرم و گرم سا انتخاب آپ کو بھی پسند آئے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین