• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شان شاہد نے غلط بیان کرنے پر کاشف ضمیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے غلط بیانی کرنے پر ٹک ٹاک اسٹار میاں کاشف ضمیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کاشف ضمیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکار شان شاہد کے ہمراہ تصویر شیئر کی۔


کاشف ضمیر نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’گزشتہ رات، میری شان شاہد سے ملاقات ہوئی، اس دوران اداکار نے مجھ سے سوال کیا کہ اپنے ملک کے فنکاروں کو چھوڑ کر غیر ملکی اداکاروں کو اپنا برینڈ ایمبیسڈر بنانا درست ہے؟‘

ٹک ٹاک اسٹار نے اس کے بعد صارفین سے پوچھا کہ ’آپ مجھے بتائیں کہ مجھے شان شاہد کو کیا جواب دینا چاہیے تھا؟‘

کاشف ضمیر کی اس غلط بیانی پر شان شاہد نے اُنہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کمنٹ سیکشن میں لکھا کہ ’بھائی آپ غلط کہہ رہے ہیں، میں نے سے ایسا کوئی سوال نہیں پوچھا۔‘

شان شاہد نے لکھا کہ ’آپ نے میرے ساتھ تصویر لینے کی درخواست کی تھی۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’اور میں شفقت چیمہ کے کہنے پر آپ کو تصویر کی اجازت دی تھی، اس کے علاوہ ہماری اس قسم کی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔‘

واضح رہے کہ معروف تُرک اداکار انگین آلتان گزشتہ سال ہی ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے دعوت پر دو روزہ دورے پر پاکستان کے شہر لاہور آئے تھے۔

انگین آلتان نے نے بادشاہی مسجد لاہور کا دورہ کیا اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری بھی دی تھی۔

ترک اداکار نے لاہور میں پریس کانفرنس کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ چوہدری ٹیکسٹائل کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں۔

تازہ ترین