• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی سائیکل سواری سے کورونا قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہوئی

لندن(پی اے ) ڈائوننگ اسٹریٹ نے وزیر اعظم کے 7میل تک سائیکل پر سفر کادفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم بورس جانسن کی سائیکل سواری سے کورونا کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہوئی کیونکہ انھوں نے سائیکل پر سفر کے دوران کورونا سے متعلق قوانین کا پوری طرح خیال رکھا اور اس پر عملدرآمد کیا،لیبر پارٹی نے وزیر اعظم کے لندن اولمپک پارک میں موجودگی کی خبر پر ان پر دہرا معیار اختیار کرنے کاالزام عاید کیاتھا ۔کورونا سے متعلق حکومت کی ہدایت میں کہاگیا تھا کہ گھروں سے باہر ورزش کی اجازت ہے لیکن لوگوں کو اپنے مقامی علاقے سے باہر نہیں جانا چاہئے،وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ یہ خیال کہ انھوں نے قوانین شکنی ہے غلط ہے ،تاہم انھوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وزیر اعظم اولمپک پارک کار میں گئے تھے یا سائیکل چلاکر وہاں پہنچے تھے۔میٹروپولیٹن پولیس کمشنر ڈیم ڈک نے بی بی سی کوبتایا کہ یہ سفر قوانین کے خلاف نہیں تھا ۔ ایوننگ اسٹینڈرڈ نے خبر دی کہ وزیر اعظم اتوار کو اولمپک پارک میں اپنی سیکورٹی کے ساتھ دیکھے گئے۔لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ہیمر اسمتھ نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو کہتے ہو وہی کرو کا رویہ اختیار کیاجانا چاہئے۔میں جیسا کہتاہوں ویسا کرو اور میں جیسا کرتاہوں وہ نہیں والا رویہ درست نہیں ہے ،پولیس سے متعلق امور کی وزیر کٹ مالٹ ہائوس نے کہا کہ ہم لوگوں کو ورزش اپنے علاقے میں کرنے کو کہتے ہیں اب علاقے سے کیامراد ہے اس پر بحث ہوسکتی ہے کہ لوگ اس کے معنی اچھی طرح جانتے ہیں۔ اگر آپ اپنے طور پر وہاں گئے ہیں اور کسی سے ملے جلے نہیں ہیں تومیرے خیال میں یہ درست ہے ،ورزش کیلئے سفر کرنے کامسئلہ گزشتہ روز اس وقت سامنے آیاتھا جب اختتام ہفتہ پولیس نے ڈربی شائر میں اپنے گھر سے 5 میل کاسفر کرنے والی خواتین پر 200 پونڈ جرمانہ کردیاتھا تاہم بعد میں یہ جرمانہ ختم کردیاگیاتھا ،انگلینڈ کیلئے حکومت کی ہدایت میں کہاگیاہے کہ لوگ ورزش کیلئے گھر سے نکل سکتے ہیں لیکن ایسا روزانہ صرف ایک دفعہ کیاجاسکتاہے اور آپ اپنے لوکل علاقے سے باہر نہیں جاسکتے ،حکومت کی ہدایت میں کہاگیا ہے کہ اپنے مقام پر رہنے کے معنی اپنے گائوں ،قصبے یا شہر کے اس حصے میں رہنا جہاں آپ کی رہائش ہو۔حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ قانون یہ ہے کہ اس پر آپ کولازمی عمل کرنا ہے ،اسکاٹ لینڈ میں دی گئی ہدایت میں کہاگیاہے کہ ورزش کی جاسکتی ہے بشرطیکہ جہاں اس کا آغاز ہو وہیں اس کااختتام بھی ہو۔ورزش کی جگہ آپ کی لوکل اتھارٹی کی حد میں 5 میل کے اندر ہونی چاہئے ،ویلز میں ورزش گھر ہی کی جاسکتی ہے۔اس میں کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے ،ہدایت میں کہاگیاہے کہ آپ اپنے گھر سے جتنا زیادہ قریب رہیں اتناہی اچھا ہے ،شمالی آئرلینڈ کے لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ ورزش کیلئے اپنے گھر سے 10 میل سے زیادہ دور نہ جائیں۔
تازہ ترین