• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگیڈیئر (ر) اسد منیرکی خودکشی کی وجہ نیب تھا: سلیم مانڈوی والا

سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کہتے ہیں کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی خودکشی کی وجہ نیب تھا۔

اسلام آباد میں خودکشی کرنے والے بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی اہلیہ اور صاحبزادی سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کہا کہ پارلیمنٹ ڈری ہوئی ہے، ہر آدمی ڈرا ہوا ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب اپنا طریقہ درست کرے، لوگوں کو ہراساں نہ کرے، کوئی بھی بولے گا تو اس کو نیب کا نوٹس آ جائے گا۔


انہوں نے مزید کہا کہ فارنزک آڈٹ کرائیں، گفت گو ریکارڈ کریں اور عدالت میں لے کر آئیں، بزنس سے متعلق کوئی گفت گو کرتا ہوں تو اس سے نیب کا کیا تعلق؟

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ بزنس سے متعلق کسی ادارے کا تعلق بنتا ہے تو وہ ایف بی آر ہے، نیب مجھے میری جدوجہد سے روک نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں پورے پاکستان جاؤں گا، نیب سے متاثرہ افراد سے ملوں گا، نیب اس وقت تھانے سے بھی برا ادارہ بن گیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چاہتا ہوں یہ تمام چیزیں عدالت کے سامنے رکھی جائیں،چیئرمین نیب کو خارجہ کمیٹی بھی طلب کر چکی ہے۔



انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب اور افسران آئیں گے اور ان کا احتساب ہو گا، کل میں اکاؤنٹنٹ جنرل خرم ہمایوں کے گھر بھی جاؤں گا۔

سلیم مانڈوی والا کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب کے خلاف میری تحریکِ استحقاق آج بھی موجود ہے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ تحریکِ استحقاق واپس ہوگی تو یہ غلط فہمی ہوگی، حالات ایسے بن گئے ہیں کہ میں مختلف قدم اٹھاؤں گا۔

اس موقع پر بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی صاحبزادی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والد صاحب کا کوئی ٹرائل نہیں ہوا تھا اور وارنٹ جاری ہوئے، میرے والد پر کرپشن کا کوئی چارج نہیں تھا۔

تازہ ترین