• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس لڑکی کو پسند کیا وہ اب دادی بن چکی ہے: سلمان خان

بھارتی فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار سلمان خان نے مداحوں کا تجسس ختم کرتے ہوئے بالآخر اب تک شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے بھارتی ریئلیٹی شو ’بگ باس 13‘ میں بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی کاجول اور اجے دیوگن کو بطورِ مہمان مدعو کیا تھا۔

اسی دوران کاجول اور اجے دیوگن نے دبنگ کے چُل بُل پانڈے یعنی سلمان خان سے مختلف سوالات پوچھے۔

اس گیم میں کاجول نے سلمان خان سے پوچھا کہ ’آپ کو کبھی کوئی لڑکی پسند آئی اور آپ نے اُسے نہیں بتایا کہ آپ اُسے پسند کرتے ہیں، کیا کبھی آپ کے ساتھ ایسا ہوا ہے؟


اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ ’جی ہاں! مجھے ایک لڑکی پسند آئی تھی لیکن میں نے اُسے کبھی نہیں بتایا کہ میں اُسے پسند کرتا ہوں۔‘

سلمان خان نے کہا کہ ’مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ وہ لڑکی بھی مجھے پسند کرتی تھی لیکن انکار کے ڈر کی وجہ سے نہ تو میں اس لڑکی سے کبھی اپنی محبت کا اظہار کرسکا اور نہ ہی شادی کی بات کرسکا۔‘

دبنگ کے چُل بُل پانڈے نے کہا کہ میں تقریباََ 15 سے 20 سال پہلے اُس لڑکی سے دوبارہ ملا تھا اور اُس وقت وہ دادی بن چکی تھی۔‘

بالی ووڈ اسٹار نے کہا کہ ’اُس لڑکی نے مجھے بتایا کہ اُس کے پوتے میرے مداح ہیں اور بڑے ہی شوق سے میری فلمیں دیکھتے ہیں۔‘

سلمان خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’مجھے اس لڑکی سے شادی نہ ہونے کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے کیونکہ اگر میری شادی اُس سے ہوجاتی تو آج میں دادا بن چکا ہوتا۔‘

واضح رہے کہ 55 سالہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان بھارتی فلم انڈسٹری کے واحد سُپر اسٹار ہیں جو ابھی تک شادی کے بندھن میں نہیں بندھے ہیں۔

بھارتی اداکاروں سے لیکر دُنیا بھر میں موجود سلمان خان کے مداحوں تک سب کو ہی بے صبری سے انتظار ہے کہ سلو میاں کب شادی کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین