لاہور،سیالکوٹ(اکنامک رپورٹر،نمائندہ جنگ)سابق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہاہے کہ گرفتاریوں سے احتساب کاکوئی تعلق نہیں ہے۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہایہ حکومت منتخب نہیں ایک سازش کے تحت آئی ہے جس کا آغاز 2014 سے ہو گیا تھا جب ہماری حکومت کے خلاف دھرنے ہمارے خلاف کروائے گئے ایک شخص کو کینیڈا سے بلایا گیا کہ آو انقلاب لے آؤں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ محمد آصف کو لاڈلے کی فرمائش پر جعلی مقدمے میں گرفتار کیا گیا وہ جلد سرخرو ہو کر لوٹیں گے، گرفتاریاں سیاسی انتقام کی برترین مثال ہیں گرفتاریاں پہلے ایف آئی اے اور اب نیب کے ذریعے کی جارہی ہیں جن کا احتساب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمہوریت اور احتساب لازم و ملزوم ہیں احتساب سے فرار کی کوشش کرنے والے واویلا کر رہے ہیں اور ان کی چیخیں نکل رہی ہیں لیکن قومی دولت ہڑپ کرنے والوں کو کسی صورت نجات نہیں ملے گی -