• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیاری اشیاء کی فراہمی‘فوڈ اتھارٹی حکام نے3ملک شاپس کو سیل کردیا

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی عوام کو معیاری و محفوظ اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔اس ضمن میں بی ایف کی مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹی دودھ کی فروخت پر تین مزید ملک شاپس سیل جبکہ ایک کیٹرنگ یونٹ پر جرمانہ عائد کر دیا۔مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے سیوریج پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف بھی دوبارہ کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا،نیو سبزل روڈ میں وسیع اراضی پر اُگائی گئیں گوبھی ،دھنیا ،پودینہ اور پالک کی فصلیں ٹریکٹر چلاکر تلف جبکہ متعدد مقامات پر فصلوں کو گندے پانی کی سپلائی روکنے کے لئے ذرائع بھی منقطع کر دئیے گئے۔فوڈ اتھارٹی حکام نے بروری روڈ میں ملک شاپس کو ملاوٹی دودھ کی فروخت پر سربمہر کیا، مذکورہ مراکز سے گزشتہ روز دودھ کے سیمپلز لیکر لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے جن کی رپورٹ کے مطابق دودھ ملاوٹی پایا گیا۔ کیٹرنگ یونٹ کے خلاف کھانوں کی تیاری میں ممنوعہ چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال پر کارروائی کی گئی۔نالوں کے پانی سے سبزیوں کی کاشت سے متعلق ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کا کہنا ہے کہ فصلوں کو زہریلا پانی دینے سےسبزیاں غذائیت کی بجائے مختلف بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں‘ بی ایف اے کی گزشتہ کارروائیوں سے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت میں کمی آئی ، تاہم مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے،اس بار پہلے مرحلے میں فصلیں تلف ،دوسرے فیز میں کاشتکاروں و زمینداروں کےخلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے ۔
تازہ ترین