• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت شاہ رخ خان کے سچے مداح تھے، انکتا لوکھنڈے

خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ انکتا لوکھنڈے کا کہنا ہے کہ سشانت سنگھ بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے سچے مداح تھے۔

بھارتی فلم انڈسٹری سمیت دنیا بھر میں موجود آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے مداح آج اُن کی 35ویں سالگرہ منارہے ہیں، سشانت 21 جنوری 1986 کو بھارتی شہر ’پٹنہ‘ میں پیدا ہوئے تھے اور 14جون 2020کو انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔

سشانت کی سالگرہ کے دن جہاں انہیں دنیا بھر میں مداح یاد کررہے ہیں وہیں اُن کی سابقہ گرل انکتا لوکھنڈے بھی انہیں بے حد یاد رہی ہیں، اس لیے انہوںنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سشانت کے ساتھ اپنی کچھ ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں وہ دونوں انتہائی خوشگوار موڈ میں ایک ساتھ رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

اداکارہ انکتا لوکھنڈے کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سشانت شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ کی پرانی فلم ’ڈر‘ کے گانے ’جادو ہے تیری نظر‘ پر رقص کررہے ہیں جبکہ ویڈیو کے آخر میں انکتا بھی سشانت کے ساتھ ڈانس کرتی نظر آتی ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو سشانت، ایک سچا شاہ رخ خان کا مداح۔‘


انکتا لوکھنڈے نے مزید لکھا کہ ’تم جہاں بھی ہو ہمیشہ مسکراتے رہو۔‘

اس کے علاوہ انکتا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے جس میں سشانت اپنے پالتو کتے کے ساتھ کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’مجھے نہیں پتہ کیسے شروع کروں اور کیا کہوں لیکن آج میں سشانت کی کچھ پرانی ویڈیوز آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتی ہوں، صرف یہی کچھ یادیں ہیں سشانت کی میرے پاس ۔‘


اداکارہ نے سشانت کے پالتو کتے کا نام لکھتے ہوئے مزید لکھا کہ ’اسکاچ تمہیں ہمیشہ بہت یاد کرتا ہے بلکہ اب مجھے لگتا ہے کہ وہ تمہیں سب سے زیادہ یاد کرتا ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’میں دعا کرتی ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ تم جہاں ہو وہاں بہت خوش ہو، سالگرہ مبارک ہو تمہیں۔‘

تازہ ترین