• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی بینک کا پاکستان کی معاشی وسماجی ترقی اہداف کے حصول کیلئے سروے کا آغاز

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی وسماجی ترقی اہداف کے حصول کیلئے خصوصی سروے کا آغاز کر دیا ، اہداف کے حصول کی ترجیحات کے تعین اورمالی مدد کی فراہمی میں بینک کے کردار کے حوالے سے خصوصی سروے کیا جائیگا، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی معاشی وسماجی ترقی اہداف کے حصول کیلئے ترجیحات کے تعین اورمالی مدد کی فراہمی میں عالمی بینک کے کردار کے حوالے سے خصوصی سروے میں پاکستانی شہریوں کوحصہ لینا چاہئے، سروے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے نئے کنٹری شراکت داری فریم ورک (سی پی ایف) کی تیاریوں کاحصہ ہے، عالمی بینک 2022 سے 2026 تک کی مدت کیلئے پاکستان کیساتھ نئے شراکت داری فریم ورک کی تشکیل کے ضمن میں مشاورتی عمل کاآغازکر چکا ہے ،فریم ورک میں پاکستان کیلئے سٹرٹیجک معاونت کے خدوخال واضح ہونگے، بینک ہر 4سے پانچ برسوں میں ممبرممالک کیلئے نیا کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک تیارکرتا ہے جس میں کسی بھی رکن ملک کی بدلتی ہوئی ترجیحات شامل کی جاتی ہے، کنٹری ڈائر یکٹر نے کہا ہے کہ نئے فریم ورک میں عالمی بینک کی معاونت کوپاکستان کے ترقیاتی ایجنڈا سے مربوط کیا جا ئیگا،انہوں نے کہاکہ نئے فریم ورک کی تشکیل میں کلیدی شراکت داروں، حکومتی حکام، پارلیمنٹرینز، نجی شعبہ، سول سوسائٹی کی تنظیموں بشمول خواتین اور نوجوانوں کے گروپ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں ، سفارتی کمیونٹی ،میڈیا اورماہرین تعلیم سے مشاورت کی جارہی ہے، مشاورت کا مقصد پاکستان کی اقتصادی اورسماجی چیلنجوں پرکلیدی شراکت داروں کے متنوع رائے اورخیالات سے آگاہی حاصل کرنا اوراسکی روشنی میں معاونتی عمل کو آگے بڑھاناہے۔

تازہ ترین