• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنیرا نے اسلام آباد ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان کو چیلنج دیدیا

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے منیجر کی انگریزی کا مذاق اڑانے والی اسلام آباد کے ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان کو چیلنج دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری اسلام آباد کے ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان کی وہ ویڈیو کلپ شیئر کی جس میں وہ مینجر کی انگریزی کا مذاق اُڑا رہی تھیں۔

شنیرا نے ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان کو چیلنج دیا۔

وسیم اکرم کی اہلیہ نے کہا کہ ’جیسے آپ بور ہوگئی ہیں ویسے ہی میں بھی آپ دونوں خواتین سے بور ہوگئی ہوں۔‘

شنیرا نے کہا کہ ’میں آپ دونوں خواتین کو چیلنج دیتی ہوں کہ آپ میرے ساتھ انگریزی زبان بولنے کا مقابلہ کریں۔‘

واضح رہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں خواتین مالکان نے منیجر کا امتحان لیتے ہوئے اس سے انگریزی میں بات کرنے کو کہا تھا۔

ایسے میں جب وہ منیجر ہچکچاہٹ کا شکار ہو کر روانی سے نہیں بول پایا تو ان مالکان نے اس کا تمسخر اڑایا کہ ’یہ ہمارے منیجر ہیں جو ہمارے ساتھ نو سال سے ہیں، اور تربیت کے باوجود یہ وہ بہترین انگلش ہے جو یہ بولتے ہیں‘۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان مالکانز کے میمز بنا ڈالے جبکہ انہوں نے مالکان سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کردیا۔

دوسری جانب اس واقعے کے بعد سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر نے تضحیک کا نشانہ بننے والے منیجر کو نوکری کی پیشکش کردی اور کہا کہ ان کی منیجر اویس سے بات ہوگئی ہے، وہ پروفیشنل ہے اور پُرجوش ہے، معاملات بھی طے پاگئے ہیں۔

تازہ ترین