• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

BRT روٹ پر رکشوں پر پابندی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ پیش

پشاور ہائی کورٹ میں بی آر ٹی روٹ سے متصل سڑک پر رکشوں پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران سیکریٹری ٹرانسپورٹ پیش ہوئے۔

بی آر ٹی روٹ سے متصل سڑک پر رکشوں پر پابندی کے خلاف کیس کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید اور جسٹس ناصر محفوظ نے کی۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے عدالتِ عالیہ کو بتایا کہ یونیورسٹی روڈ سے کارخانوں تک اور کینٹ میں ٹیکسی اور رکشوں کو اجازت دے سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک کے بہاؤ کے پیشِ نظر چمکنی سے سٹی تک جی ٹی روڈ پر ٹیکسی اور رکشوں پر پابندی ہو گی۔

چیف جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیتے ہوئے استفسار کیا کہ آئے روز بی آر ٹی بسوں میں ٹیکنیکل فالٹ آتے ہیں، اگر بی آر ٹی سروس معطل ہو گئی تو پھر اس کا متبادل کیا ہو گا؟


چیف جسٹس نے کہا کہ آپ لوگ دفاتر اور سیکریٹریٹ میں بیٹھ کر فیصلے مت کریں، خود وزٹ کریں اور لوگوں کے مسائل دیکھیں، بی آر ٹی سروس معطل ہو گئی تو آپ کے پاس اس کا متبادل کیا انتظام ہے؟

سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہمارا کوئی ایسا ارادہ نہیں کہ ٹیکسی اور رکشوں کو بند کریں۔

تازہ ترین