• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینٹی لاک ڈائون ریلی میں ڈیوٹی دینے والا پولیس افسر کورونا کا شکار

لندن ( پی اے ) اینٹی لاک ڈائون ریلی میں پولیسنگ کے فرائض انجام دینے والا ایک پولیس افسر کورونا وائرس کوویڈ 19کا شکار ہو گیا جسے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے ۔ ڈورسیٹ پولیس فیڈریشن نے بتایا کہ 40 سالہ پولیس افسر منگل کو بیمار ہوگیا تھا ۔ اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ۔ اس کے پھیپھڑوں میں مشتبہ بلڈ کلوٹس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ یہ پولیس آفیسر اس آپریشن کا حصہ تھا جس میں 9 جنوری کو پولیس نے بورن متھ میں مظاہرین کو منتشر کیا تھا ۔ پولیس فیڈریشن کا مطالبہ ہے کہ کورونا وائرس کوویڈ 19 ویکسین میں پولیس آفیسرز کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ اس سے قبل بھی ایک پولیس آفیسر کورونا وائرس کے اثرات کا سامنا کر رہا تھا جس پر ڈیوٹی کے دوران ایک شخص نے تھوک دیا تھا ۔ ایک بیان میں پولیس فیڈریشن نے کہا کہ پولیس افسر کا علاج ہسپتال میں جاری ہے جبکہ گھر میں موجود اس کی فیملی اس کے بارے میں خبر کی منتظر ہے۔ ڈورسیٹ پولیس فیڈریشن کی چیئروومن اینا ہاروے نے کہا کہ اس پولیس افسر کی بیماری ہمارے افسران کو روزانہ بنیاد پر درپیش اضافی خطرات کی یاد دہانی کراتی ہے جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ پولیس افسران کے پاس کوئی اور چوائس نہیں ہے وہ گھروں پر نہیں رہ سکتے انہیں کمیونٹیز کا تحفظ کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہوتا ہے کہ اگر پولیس آفیسروز کو کوویڈ 19 ویکسین میں ترجیح دی جاتی تو اس وقت اس پولیس افسر کو اس عارض کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ ہوم سیکریٹری پریتی پٹیل نے کہا تھا کہ حکومت میں ابھی بہت کام ہو رہا ہے تاکہ پولیس اور دوسرے فرنٹ لائن ورکرز کو کوویڈ 19 ویکسین کی فراہمی کیلئے ترجیحی فہرست میں شامل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی حکومت کو یہ مشورہ دے رہی ہے کہ وہ کوویڈ 19 ویکسین رول آؤٹ کرنےکے اگلے مرحلے میں نمائش کے خطرے اور آکوپیشنز کو ترجیح دینے پر غور کرے گی ۔ سب سے کمزور افراد کو ویکسین کی فراہمی میں ترجیح دی جا رہی ہے۔ مس ہاروی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمارے پولیس آفیسرز بہت بہادر ہیں جیسے گرم الفاظ کافی نہیں ہیں ۔ ہسپتال میں ہمارا ایک اور ساتھی بیمار پڑا ہے اور اس سے این ایچ ایس پر زیادہ دباؤ بڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہوم سیکریٹری کی جانب سے یہ سنا ہے کہ پولیس سروس ویکسین کیلئے تیار ہو جائے لیکن پولیس اہلکاروں کو یہ ویکسین واقعی کب ملے گی تاکہ ہمارے مزید ساتھی ہسپتال جانے سے بچ جائیں ۔ ہماری ذمہ داری لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے اس کے ساتھ ساتھ ہمیں پولیس کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ مس ہاروے نے کہا کہ ایک پولیس افسر جس پر ایک مشتبہ شخص نے تھوکا تھا اب بھی ہسپتال ک ایک بیڈ پر زیر علاج ہے اور اس کی طبعیت واقعی خراب ہے ۔
تازہ ترین