• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PIA نے ملائیشیا میں طیارہ ضبط کرنے والی کمپنی کو 7ملین ڈالر ادا کردیئے

PIA نے ملائیشیا میں طیارہ ضبط کرنے والی کمپنی کو 7ملین ڈالر ادا کردیئے 


لندن ( مرتضیٰ علی شاہ ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے گزشتہ روز لندن ہائی کورٹ میں ایک جج کو بتایا کہ اس نے ڈبلن میں قائم ایرکیپ کے ذریعہ لیز پرلیئے گئے دو جیٹ طیاروں سے متعلق کیس میں پیری گرائن ایوی ایشن چارلی لمیٹڈ کو تقریبا 7 ملین امریکی ڈالر ادا کر دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسی کیس میں ملائیشیا کے حکام نے گذشتہ جمعہ کو کوالالمپور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے بوئنگ 777 کو طیارے کے لیز واجبات کی عدم ادائیگی پر ملائشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پرقبضے میں لے لیاتھا۔

پی آئی اے اور ایئرلائن دونوں کے وکلاء نے اس توقع پر گزشتہ روز سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی ہونے پر اتفاق کیا کہ کسی معاہدے کے ذریعے پی آئی اے کے خلاف کوئی حکم جاری کیے بغیرپوری رقم ادا کر دی جائے گی ۔

سماعت پر ایئر لائن کے وکیل ایرن ہچنس نے جج سےسماعت ملتوی کرنے کیلئے آن لائن درخواست کی تاکہ فریقین لیز ، کرایہ ، سود ، لیز اور ادائیگی کے معاملات طے کرلیں۔

ایئرلائن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا مؤقف یہ ہے کہ مدعا علیہ (پی آئی اے) نے آج رقم ادا کر دی ہے۔

عدالت کو سماعت پر بتایا گیا تھاکہ پی آئی اے نے جولائی میں اپنے دعوے میں ترمیم کا مطالبہ کرنے کے بعد سے ادائیگی نہیں کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے 580000 ڈالر ماہانہ طیارے کی مد میں مقروض تھی لیکن اس نے ادائیگی نہیں کی اور قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔لیزنگ کمپنی نے پی آئی اے کے خلاف اکتوبر 2020 میں لیز کی ادائیگی میں ناکامی پر لندن ہائی کورٹ میں ایک کیس دائر کر دیا تھا جس کی مالیت تقریبا 14 ملین ڈالر تھی اور وہ 6 ماہ کے عرصے سے زیر التواء تھی۔

تازہ ترین