• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ بکھرجائینگے، ہمت ہے تو تحریک عدم اعتماد لائیں، شاہ محمود

یہ بکھرجائینگے، ہمت ہے تو تحریک عدم اعتماد لائیں، شاہ محمود


ملتان(ایجنسیاں)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ اور پاکستان کا نقطہ نظرافغان امن عمل میں مماثلت رکھتا ہے۔ مہنگائی کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں ہیں۔

بلاول بھٹو نے تحریک عدم اعتماد کی تجویزدیکر عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرلیا ‘پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ہے ‘یہ بکھر جائیں گے جس کا آغاز ہو چکا ہے‘اگر ان میں ہمت ہے تو عدم اعتماد لائیں۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بند گلی میں جا رہے ہیں ‘بلاول بھٹو ایک نہیں سو مرتبہ تحریک عدم اعتماد لائیں‘ عمران خان5سال مکمل کریں گے۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کسی مائی کے لال میں جرات نہیں کہ وہ وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لا سکے۔اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی ہے نہ پلان۔

استعفوں سے شروع ہوئے جلسوں پر رکے‘ اب وہاں بھی بس ہوگئی تو عدم اعتماد کی گفتگو، کس مائی کے لال کی جرات ہے وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتمادلانے کی، آپ تاعمر قید اور نااہلی سے بچ گئے تو غنیمت سمجھئے گا۔

تفصیلات کے مطابق اتوارکو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم افغانستان میں تشدد میں کمی ، دہشت گردی کا خاتمہ اور جمہوری عمل کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ 

امریکی انتظامیہ کی بھی یہی سوچ ہے۔ایک نئی سوچ اور نئی ترجیحات کے ساتھ ہم امریکی انتظامیہ سے رابطہ کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ بلاول بھٹو نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی بات کی ہے یہ ایک آئینی طریقہ کارہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرلیا ہے۔

عمران خان منتخب وزیراعظم ہیں اب انہیں سلیکٹڈ کہنا بند کیا جائے۔ پی ٹی آئی اتحادیوں کے ساتھ ملکر عدم اعتماد کی تحریک کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ترکی اور آذربائجان کے ساتھ معاہدوں پر کسی دوست ملک کو اختلاف نہیں ہے۔ 

براڈشیٹ کے ساتھ معاہدے میں پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں، اس معاملے کی تحقیقات کے لیے حکومت جس کو بھی نامزد کرے گی اپوزیشن اس پر اعتراض کرے گی، جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید ایک عزت دار جج رہے ہیں، اگر اپوزیشن کا دامن صاف ہے تو گھبرانا نہیں چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔گیس،بجلی اور پٹرول کی قیمت بڑھنا حکومت کے لئے چیلنج ہے۔ چینی مافیا کے گٹھ جوڑ سے قیمتیں پھر بڑھ رہی ہیں۔

تازہ ترین