سندھ حکومت کا صوبے کے 10 اضلاع میں 2 لاکھ گھروں کو شمسی بجلی فراہم کرنے کے لئے سپلائرز کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کے تحت سجاول، بدین، مٹھی، تھرپارکر، سانگھڑ، خیرپور، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد اور قنبر شہداد کوٹ کے اضلاع میں دو لاکھ گھروں کو شمسی بجلی سے روشن کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے شفاف اور ماحول دوست توانائی کے منصوبوں پر نہایت مستقل مزاجی سے کام کررہی ہے۔
صوبے میں ماحول دوست بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے محکمہ توانائی سندھ میں صوبے کے 10 اضلاع کے 2 لاکھ گھروں کو شمسی توانائی سے حاصل ہونے والی بجلی کی فراہمی کے لئے سپلائرز کے ساتھ دستخط کرکے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اس معاہدے پر کام کے آغاز کے لئے جمعرات کو محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں سپلائرز کے ساتھ دستخط کئے گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر سندھ کے 10 اضلاع جن میں سجاول، بدین، مٹھی، تھرپارکر، سانگھڑ، خیرپور، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد اور قنبر شہداد کوٹ کے اضلاع میں دو لاکھ گھروں کو شمسی بجلی فراہم کی جائے گی۔
امتیاز شیخ نے بتایا کہ ماحول دوست توانائی کا یہ منصوبہ عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیا جارہاہے۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کے 10 اضلاع میں 2 لاکھ گھروں کو سولر ہوم سسٹم .S.H.S کی فراہمی میں فی گھر ایک سولر پلیٹ، ایک بیٹری بیک اپ، ایک ڈی سی پنکھا، تین ایل ای ڈی بلب کے ساتھ موبائل فون چارجنگ سہولت دی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ فی گھر ان سہولیات کی فراہمی کے لئے 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی، باقی ماندہ رقم معمولی قسطوں میں وصول کی جائے گی۔
دستخط کی تقریب میں سیکریٹری توانائی سندھ طارق علی شاہ، سولر ہوم سسٹم فراہم کرنے والے سپلائرز اور محکمہ توانائی سندھ کے دیگر افسران موجود تھے۔