• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن معاہدے سے فائدہ اٹھائیں، امریکی وزیرخارجہ کا افغان صدر سے پہلا ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امریکی سیکرٹری خارجہ انتھونی بِلنکن نےکہا ہے کہ امریکی حکومت طالبان کے دہشتگرد گروپوں سے تعلقات ختم کرنے اور افغان حکومت اور دیگر فریقین سے بامعنی مذاکرات کے وعدوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ انتھونی بِلنکن نے افغان صدر اشرف غنی سے ہونے والی اپنی پہلی ٹیلی فونک بات چیت میں افغانستان کے مستحکم، خود مختار، جمہوری اور محفوظ مستقبل کیلئے مجموعی حکمت عملی کے حوالے سے افغان حکومت، نیٹو اتحادیوں اور بین الاقوامی شراکت داروں سے مشاورت کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نےکہاکہ بائیڈن انتظامیہ امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے اور شدت پسندوں کی طرف سے اس کی پاسداری کا جائزہ لے رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انتھونی بلنکن اور اشرف غنی کی ٹیلی فونک گفتگو سے نئی انتظامیہ کے امریکا اور افغانستان کے درمیان پائیدار شراکت داری کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ انتھونی بلنکن نے اشرف غنی کو بتایا کہ امریکا، فروری 2020 میں امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کا جائزہ لے رہا ہے اور دیکھ رہا ہے کہ کیا طالبان نے افغانستان میں تشدد میں کمی کیلئے دہشتگرد گروپوں سے اپنے تعلقات ختم کرنے اور افغان حکومت و دیگر فریقین سے بامعنی مذاکرات کرنے کے اپنے وعدوں پر پورا اتر رہے ہیں یا نہیں۔ امریکی سیکرٹری خارجہ نے زور دیا کہ تمام افغان رہنماؤں کو گزشتہ 20 سالوں میں انسانی حقوق، شہری آزادی اور افغان معاشرے میں خواتین کے کردار کے حوالے سے پیشرفت کو برقرار رکھتے ہوئے امن کے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

تازہ ترین