کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع عبداللّٰہ گوٹھ کے قریب سے 7 سال کے بچے کی لاش ملنے کا معمہ حل ہو گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کو اس کی والدہ لانڈھی ایدھی سینٹر پر مردہ حالت میں لائی تھیں، بچے کی موت کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ 7 سالہ بچہ ساحل دل کے عارضے میں مبتلا تھا، اس کی موت دل کے عارضے کے باعث ہوئی، والدین کے مطابق بچے کو پہلے بھی 2 بار دل کا دورہ پڑا تھا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ بچے کی لاش ملی نہیں، بلکہ اس کی والدہ خود لے کر ریسکیو ادارے پہنچی تھیں، بچہ صبح والدہ کے ساتھ اسکول میں کتابیں خریدنے آیا تھا، جہاں اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
بچے کی والدہ اسکول سے ریسکیو ایمبولینس لینے کے لیے گئیں تو اس دوران بچہ دم توڑ گیا، متوفی بچے کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے منع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق جناح اسپتال کی انتظامیہ نے بھی بچے کی موت کی وجہ طبعی بتائی ہے، جس کی لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔