• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمسٹرڈیم: اسرائیلی فٹبال شائقین پر حملہ، 11 زخمی


ایمسٹرڈیم میں ہونے والے یوروپا لیگ کے میچ کے دوران اسرائیلی فٹ بال شائقین پر حملہ ہوا ہے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ حملے میں 11 اسرائیلی زخمی ہو گئے جبکہ 2 اسرائیلی فٹبال شائقین سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمسٹرڈیم میں موجود اسرائیلی شہری ہوٹلز تک محدود رہیں۔

واضح رہے کہ ایمسٹرڈم میں ہونے والی یوروپا لیگ میں نیڈرلینڈز کے فٹبال کلب ایجیکس اور اسرائیلی فٹبال کلب تل ایوی کی ٹیم کے درمیان میچ کے بعد فلسطینی حامی مظاہرین اور اسرائیلی شائقین کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔

 میچ کے بعد ہنگامہ آرائی اس وقت شروع ہوئی جب ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فٹبال شائقین نے عرب مخالف اور غزہ کے بچوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے بازی کی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فٹبال شائقین نے فلسطینی پرچم کی بے حرمتی کی تو جھگڑا شروع ہوا۔ 

خیال رہے کہ ایمسٹرڈیم اسٹیڈیم میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کرنے پر پابندی تھی۔

دریں اثناء اسپین میں سیلاب میں مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی پر بھی اسرائیلی شائقین شور مچاتے رہے۔ 

یہاں یہ واضح رہے کہ اسپین نے چند ہفتے پہلے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت روک دی ہے، جس کے سبب اسرائیل اور اسپین میں غزہ جنگ پر کشیدگی ہے۔

ایمسٹرڈیم اسٹیڈیم میں خاموشی کے اعلان پر اسرائیلی شائقین نے عرب مخالف ترانے پڑھے۔ اسرائیلی شائقین نے ایمسٹرڈیم کے عرب ٹیکسی ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

دوسری جانب ایمسٹرڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیڈرلینڈز کے فٹبال کلب نے اسرائیلی کلب کو 5 - 0 سے شکست دی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید