• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا استعفیٰ ناممکن، اپوزیشن کیلئے استعفوں کامناسب وقت 2023، شاہ محمود


ملتان (این این آئی، جنگ نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے قول و فعل میں تضاد ہے،پی ڈی ایم کہہ رہی ہے کہ مناسب وقت پر استعفے دینگے تو وہ وقت 2023ء ہی ہوگا، پہلے ہی پتا تھا کہ اپوزیشن کا استعفے دینے کا ارادہ نہیں۔

یہ استعفے نہیں دینگے، اسامہ بن لادن کی جانب سے نواز شریف کی جو مالی معاونت کی گئی وہ ریکارڈ پر ہے، ملکی سلامتی کے معاملات پر تبصرہ نہیں کرون گا، مہنگائی کی وجوہات سب کے سامنے ہیں، اس پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔

پی پی کے پاس پنجاب میں سینیٹ کی نشست منتخب کرنے کی تعداد نہیں، سینیٹ کا رکن بننے کے بعد ہی چیئرمین کیلئے کوشش کی جاسکتی ہے، وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ نا ممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرپشن کو روکنا عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے، کرپشن سے کمایا گیا پیسہ ملک سے باہر چلا جائے توملک ترقی نہیں کر سکتا۔

ہم کرپشن کے ذمہ دار افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی اورذمہ داروں کو بے نقاب کر رہے ہیں،ہم ہر اس ادارے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جو کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کریگا۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قول و فعل میں تضاد ہے، پی ڈی ایم کہہ رہی ہے کہ مناسب وقت پر استعفے دینگے تو وہ وقت 2023ء ہی ہوگا۔ ہمیں پہلے ہی شک تھا کہ پی ڈی ایم کا استعفے دینے کاکوئی ارادہ نہیں۔

تازہ ترین