پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے لیے تماشائیوں کو اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر میں کھیلوں کے میدان ویران ہیں جہاں کھلاڑی بغیر تماشائی ہی میچز کھیلنے پر مجبور ہیں۔
پی ایس ایل کا چھٹا سیزن شروع ہونے کو ہے، تاہم ایسے میں پاکستانی شائقین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے کہ انھیں میچ دیکھنے کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شائقین کو میچز کے لیے پی سی بی کی جانب سے مثبت اشارے مل گئے، کراچی اور لاہور اسٹیڈیم کی گنجائش کے 25 فیصد تماشائیوں کو اجازت ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کے لیے ابتدائی تیاریوں کا آغاز بھی کردیا ہے، جبکہ کوویڈ 19 ایس اوپیز اور دیگر معاملات طے ہونے پر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
اسی طرح تین تین نشستوں کے گیپ کے ساتھ تماشائیوں کو بٹھایا جائے گا جبکہ ایک فیملی سے تعلق رکھنے والے افراد پر نشستوں میں فاصلہ ضروری نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تماشائیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا جا چکا جس کا اعلان جمعرات کو متوقع ہے۔
پی سی بی نے فینز کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت کے لیے حکومت سے رابطہ کیا ہے، این سی او سی کی جانب سے اجازت ملنے پر ٹکٹوں کی قیمتوں اور فروخت کے شیڈول بتایا جائے گا۔