پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ کل سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، کراچی ٹیسٹ کی فاتح پاکستان ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان بہت کم ہے، البتہ مہمان ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں ممکن ہیں، دونوں جانب سے فائنل الیون کا فیصلہ ٹاس سے قبل ہی کیا جائے گا۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں 23 سال بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ میں مقابلہ ہو گا۔
دونوں ٹیموں نے میچ کی تیاری کے لیے بھرپور ٹریننگ سیشنز کیے ہیں، جن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس ہوئی۔
دونوں جانب سے فائنل الیون تو سامنے نہیں آ سکیں لیکن ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم بنا تبدیلی کے میدان میں اترے گی جبکہ مہمان ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ریکارڈ کے مطابق تو راولپنڈی کی وکٹ فاسٹ بولرز کے لیے موزوں ہوتی ہے لیکن ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کے لیے تیار کی گئی وکٹ پر اسپنرز زیادہ کامیاب رہیں گے۔
ٹیسٹ کے پہلے دن کچھ بادل ہوں گے لیکن بقیہ چار دن بھرپور دھوپ میں کھیل ہو گا۔
پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، راولپنڈی ٹیسٹ میں جیت نہ صرف پاکستان کو رینکنگ میں پانچویں پوزیشن دلوا سکتی ہے بلکہ پہلی بار ایسا ہو گا کہ ٹیم پاکستان جنوبی افریقہ سے مسلسل دو ٹیسٹ جیتے گی۔