میرانشاہ (نمائندہ جنگ)شمالی وزیرستان کے تحصیل سپین وام کے علاقہ شیراتلہ میں فرنٹیئرکور اور دہشت گردوں میں سرچ آپریشن کے دوران مسلح جھڑپ ہوئی جسکے نتیجے میں 4؍ دہشت گرد ہلاک جبکہ فرنٹیئر کور کے 2؍جوان شہید ہوگئے ہیں۔
جھڑپ میں چار اہلکار زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ مارنے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق ٹی ٹی پی اور حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔ واقعے کے بعد فرنٹیئرکور نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔
مقامی سرکاری ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات فرنٹیئر کور نے میرعلی تحصیل کی حدود میں شیراتلہ بوبلی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ اپریشن شروع کیا جس کے دوران فرنٹیئرکور پر اچانک حملہ ہوا جس میں دو فرنٹیئر کور کے اہلکار شہید ہو ئے جبکہ چار زخمی ہوئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار امین اور سپاہی شیر زمین جبکہ زخمی ہونے والوں میں نائب صوبیدار وحید، نائیک امجد، لانس نائیک شاہد اور لانس نائیک اکبر علی شامل ہیں۔