• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان طالبان کا فتنتہ الخوارج کو افغانستان سے باہر دہشتگرد کارروائیوں پر انتباہ جاری


افغان کمانڈر سعیداللّٰہ سعید— فائل فوٹو
افغان کمانڈر سعیداللّٰہ سعید— فائل فوٹو

افغان طالبان نے فتنتہ الخوارج کو افغانستان سے باہر دہشت گرد کارروائیوں پر انتباہ جاری کر دیا۔

افغان طالبان کمانڈر سعید اللّٰہ نے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا ہے کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک سے لڑنا جائز نہیں ہے، ریاستی قیادت کے حکم کے باوجود لڑنے کے لیے جانا دینی نافرمانی ہے۔

افغان کمانڈر سعید اللّٰہ سعید نے فتنتہ الخوارج کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک خصوصاً پاکستان میں لڑنا جائز نہیں، مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرونِ ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں، ایک جگہ سے دوسری جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے کسی گروہ یا فرد کا نہیں، اگر ریاستی قیادت پاکستان نہ جانے کا حکم دے چکی ہے تو اس کے باوجود جانا دینی نافرمانی ہے، اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا۔

کمانڈر سعید اللّٰہ سعید نے یہ بھی کہا کہ جہاد کے نام پر حملے کرنے والے گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیان پاکستان کی داخلی سلامتی، بیانیے اور عالمی سطح پر سفارتی مؤقف کو مضبوط کرتا ہے، بھارتی پروکسیز اور بھارتی ایماء پر فتنتہ الخوارج کا نام نہاد جہاد دراصل شریعت، ریاست اور امن کے خلاف دہشت گردی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید