پُرسکون ، پُرآسائش، آرام دہ اور تمام سہولیاتِ زندگی سے آراستہ گھر کی خواہش ہر فرد کو ہوتی ہے۔ مگر اس کا حصول ہر کسی کی دسترس میں نہیں ہوتا۔ ایسے میں آپ اپنے موجودہ گھر میں مختلف تبدیلیوں کے ذریعے اسے جدید طرز کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ جدید سہولیات سے آراستہ رہائش اب وقت کی ضرورت بھی بنتی جارہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آجکل مکانات اور اپارٹمنٹس کی تعمیر کے دوران جدید سہولتوں کی فراہمی پر خاص توجہ دی جارہی ہے جبکہ خریدار بھی اس طرح کے مکانات یا اپارٹمنٹس کی خریداری میں زیادہ دلچسپی دکھاتے ہیں۔ ذیل میں دیے گئے چند خاص اصولوں پر عمل کرتے ہوئے آپ اپنے روایتی طرز پر بنے مکان کو بآسانی جدید سہولتوں سے مزین کرسکتے ہیں۔
شوخ رنگ
کام کا آغاز کرتے ہوئے یہ دیکھیں کہ گھر کی دیواروںسے پلستر تو نہیں اتر رہا یا کچن اور باتھ روم کے ٹائلز اتنے خراب تو نہیں کہ انہیں بدلنے کی ضرورت ہو۔ اسی طرح ان تمام چیزوں پر نگاہ ڈالیں جن کی مرمت کروانا لازمی ہو، یہ کام فوری کروائیں۔ مرمت کے کام سے فارغ ہونے کے بعد گھر کےرنگ وروغن پر توجہ دیں۔ اپنے بجٹ کو دیکھتے ہوئے پورے گھر میں رنگ و روغن کروائیں بصورت دیگر ہر کمرے کی ایک دیوار پر شوخ رنگ کروالیں، ایسا کرنے سے کمروں میں ایک نیا پن محسوس ہوگا۔ کمرے کی دیوار پر شوخ یا گہرا رنگ کرکے آپ اسے بہت زیادہ رقم خرچ کیے بنا منفرد اور دلکش بناسکتے ہیں۔
کمرے کی چھت
ماضی میں صرف دیواروں کی سجاوٹ پر ہی خصوصی توجہ دی جاتی تھی، تاہم دورِجدید میں دیواروں کے ساتھ ساتھ کمرے کی چھتوں کے لیے بھی مخصوص طرز کے آرائشی ٹرینڈز پر عمل کرنا لازمی سمجھا جانے لگا ہے۔ اس کے لیے عموماً فالس سیلنگ بنوانے کا رجحان ہے مگر اس کے لیے اچھا خاصا بجٹ درکار ہوتا ہے۔ برطانوی انٹیریر ڈیزائنر ایلیسا نے اپنے لیونگ روم کی سیلنگ ڈیکوریشن کرنے کے لیے پہلے اس پر پینٹ کروایا اور پھر اس کو سجانے کے لیے خوبصورت دھاتی اسٹائل والا ایک فانوس نصب کیا۔ اس طرزِ سجاوٹ سے لیونگ روم میں داخل ہوتے ہی جدت کا احساس ہوتا ہے۔
ڈی کلٹرنگ کا عمل
ڈی کلٹرنگ کے ذریعے آپ روایتی مکان کو جدید خطوط پر استوار کرسکتے ہیں۔ اس کام کو سرانجام دینے کے لیے سب سے پہلے گھر کی آرائشی اشیا، وال پینٹنگز اور مصنوعی پھول پودوں پر ایک نظر ڈالیں۔ اب ان میں سے ایسی چیزوں کی چھانٹی کرلیں جو کسی بھی دور میں آؤٹ آف فیشن معلوم نہیں ہوتیں جیسے کہ دھات سے بنی آرائشی اشیا۔ باقی کے سامان میں سے اُفقی سطح (Horizontal Surface) والا سامان نکال دیں کیونکہ یہ اب آؤٹ آف فیشن ہے۔ اس کے علاوہ آرائشی اشیا کو بھی کچن کیبنٹس میں رکھنے کی ضرورت نہیں، لہٰذا وہاں موجود تمام آرائشی اشیا کو کسی باکس میں محفوظ کرلیں۔ ڈی کلٹرنگ کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ تمام فرنیچر کو کسی ایک کمرے میں سیٹ کرنے کے بجائےاسے مختلف کمروںمیںسیٹ کریں۔ یہ عمل آپ کے گھر کو ایک نیا انداز دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
فن پارے آویزاں کرنا
آپ گھر میں اپنے پسندیدہ خوبصورت فن پارے لگاکر گھر آنے والوں کو اپنے اعلیٰ ذوق سے متاثر کرکے ان سے داد وصول کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کا بجٹ اجازت دے تو لیونگ رو م اور بیڈروم کی دیواروں کے لیے روایتی طرز کے رنگین اور پُرتکلف فن پاروں کی جگہ جدید مگر سادہ فریمنگ پر مشتمل ٹرینڈی آرٹ ورک کا انتخاب کریں۔ آرٹ ور ک یا وال ہینگ کے لیے سنہرے رنگ کا انتخاب کریں کیونکہ یہ رنگ کسی بھی حصے کو شاہانہ انداز فراہم کرتا ہے۔
باتھ روم میں تبدیلی
جدید طرز کے باتھ روم کی ڈیزائننگ میں اسٹائل اور ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ بیسن، شاور اور باتھ ٹب سمیت چھوٹی چھوٹی اشیا کو لگانے میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ہر چیز باتھ روم کو جدت فراہم کرے۔ باتھ روم کی کسی ایک دیوار پر مستطیل یا ڈائمنڈ شیپ کے ٹائلز لگاکر اسے جدید بناسکتے ہیں۔ نہانے کی جگہ کو علیحدہ کرنے کے لیے ایک خوبصورت پارٹیشن بھی بنایا جاسکتا ہے، جس کے لیے ان دنوں گلاس یا گلاس ٹائلز ٹرینڈ کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ باتھ روم میں ایک چھوٹی کیبنٹ (Vanity cabinet)بھی نصب کروائی جاسکتی ہے۔
کچن کیبنٹس
چونکہ خواتین کے دن کا بیشتر حصہ کچن میں گزرتا ہے، لہٰذا اس کا جدید طرز کا ہونا ضروری ہے۔ اس حوالے سے مکمل طور پر تزئینِ نو کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ پرانے کیبنٹس تبدیلی کرکے یا اگر بجٹ نہیں ہے تو ان پر رنگ وروغن کرکے اپنے کچن کو جدید کچن میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ کیبنٹس پر رنگ و روغن کے لیے کسی ایک رنگ کے بجائے مختلف رنگوں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے جیسے کہ لال، سیاہ اور سفید۔ ان تین رنگوں کا خوبصورت امتزاج کچن کو کچھ منفرد دکھانے کے لیے بہترین ہے۔ کیبنٹس کو مزید جاذب نظر بنانے کے لیے ان کے پرانے ہینڈلز کو میٹل کے ہینڈلز سے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
گھر کی اندرونی سجاوٹ وتبدیلی کے دوران اس کے بیرونی حصے کو بھی جدید بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔ اس مقصد کےلیے بیرونی حصے میں خوبصورت اور ٹرینڈ ی رنگوں کا انتخاب کریں۔