پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم’ویر زارا‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
نادیہ جمیل نے ایک نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے ماں بننے کے بعد آنے والی ذمے داریوں اور اپنے کیریئر کے آغاز میں کیے گئے مشکل فیصلوں کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے فلم’ویر زارا‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور پروجیکٹ تقریباً فائنل ہو چکا تھا لیکن اس وقت میرا بچہ صرف 3 مہینے کا تھا اور میں اسے چھوڑ کر نہیں جانا چاہتی تھی، مجھے لگا کہ مجھے ان ابتدائی مہینوں میں اپنے بچےکے ساتھ رہنا چاہیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت میری ماں نے یہاں تک کہا کہ وہ شوٹنگ کے لیے میرے ساتھ جائیں گی اور میرے سسرال والوں کو بھی کوئی اعتراض نہیں تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ اتنی بڑی فلم سے انکار کرنا میرے کیریئر کو نقصان پہنچا سکتا ہے، لیکن میں نے اس وقت اپنے بچے کے ساتھ رہنے کا انتخاب کیا۔
واضح رہے کہ 2004ء میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم’ویر زارا‘ میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جب کہ فلم میں پاکستانی وکیل سمیعہ صدیقی کا اہم کردار اداکارہ رانی مکھرجی نے نبھایا تھا۔