• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظیم رفیق سے ابیوز کرنے والے پر تاحیات پابندی لگادینگے، یارکشائر کائونٹی

لندن (پی اے) اگر کوئی کرکٹر عظیم رفیق، ان کی فیملی یا ان کی لیگل ٹیم کے خلاف دھمکیاں دینے میں ملوث پایا گیا تو یارک شائر کائونٹی اس پر تاحیات پابندی لگا دے گی۔ یارکشائر کے سابق کرکٹ سٹار عظیم رفیق کو سوشل میڈیا پر بدسلوکی اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اب اس کاؤنٹی نے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رفیق یارک شائر کاونٹی کے خلاف 2008 سے 2014 اور 2016 سے 2018 تک نسلی زیادتی اور امتیازی سلوک کے دعوؤں پر مقدمہ کر رہے ہیں۔ یارک شائر نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں عظیم رفیق، ان کے اہل خانہ اور ان کی قانونی ٹیم کو دی جانے والی دھمکیوں پر تکلیف ہوئی ہے اور ہم ان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یارکشائر نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اب پولیس کا معاملہ ہے اور جب ارتکاب کرنے والے مجرم کا پتہ چلے گا تو ہم یہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ اس پر یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب یا اس کے زیر انتظام چلنے والی کسی بھی ادارے کے احاطے میں داخلے پر تاحیات پابندی لگادی جائے گی۔ عظیم رفیق کے دعوئوں پر یارک شائر کی انویسٹی گیشن جاری ہے لیکن آرگنائزیشن کسی بیرونی اثر و رسوخ کے بغیر ہی اس پراسس کو مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ رفیق نے اپنے ساتھ ہونے والی آن لائن ابیوز کا انکشاف کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ انہیں گھنائونے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر مجھے ابیوز کا نشانہ بنایا گیا لیکن زیادہ تشویش ناک صورت حال یہ ہے کہ میری فیملی اور لیگل ٹیم کو بھی واضح طور پر پریشان کن دھمکیوں کے پیغامات مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال خوفناک ہے۔ میں نے اپنے وکلا سے مشورے کے بعد پولیس کو اس معاملے سے مطلع کر دیا تھا۔
تازہ ترین