وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے مودی کو شادی پر بلا کر گلےلگایا اور کشمیریوں سے بغاوت کی، نوازشریف کی بیٹی کس منہ سے کشمیر کا ذکر کرتی ہیں۔
حلقہ این اے 156 میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بھارت سے مذاکرات کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی جارحیت سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ووٹوں کی خرید وفروخت ختم کرنے کے لئے اوپن بیلٹ انتخابات چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے قول و فعل میں تضاد ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی نے چارٹر آف ڈیموکریسی میں لکھا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے ہوں، اب دونوں جماعتیں اپنے قول سے پیچھے ہٹ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ آئینی تشریح کی جائے، قانون سازی کے لئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ عمران خان کا واضح اعلان ہے کرپشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مریم نواز کو عمران فوبیا ہوگیا ہے، جتنا مرضی لانگ مارچ کریں، لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہوسکتی۔