ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ ملتان شہر کی تعمیر وترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا، ملتان شہر میں سیوریج کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی کے سوا دو ارب روپے کے منصوبے کے آغاز کے بعد اب پرانی واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے اہم پراجیکٹ پر بھی کام شروع کیا جارہا ہے، ممتاز آباد کی ہر گلی کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی کی نئی لائنیں ڈالی جائیں گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ممتاز آباد میں بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبد الجبار، منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر سمیت دیگر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی۔ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ یوسی 50ممتاز آباد میں 12، 10، 8، 6، 4، اور3انچ کی کل 48ہزار فٹ نئی واٹر سپلائی کی لائنیں ڈالی جائینگی جس پر کل اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت آئیگی۔