تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے حکومت کے خلاف سراپا احتجاج سرکاری ملازمین اور حکومتی ٹیم کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد سرکاری ملازمین نے بدھ (10 فروری) کو اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا۔
چیف کوآرڈینیٹر آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس رحمٰن باجوہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتی وزرا پرویز خٹک، شیخ رشید اور علی محمد خان سے مذاکرات ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ حکومتی ٹیم سے گریڈ 1 تا 22 ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر اتفاق ہوا، تنخواہوں میں 40 فیصد اضافے پر اتفاق ہوا تھا۔
رحمٰن باجوہ کا کہنا تھا کہ آج حکومتی ٹیم 24 فیصد اضافے کا فارمولہ لے آئی، بتایا گیا 24 فیصد اضافے کا اطلاق بھی صرف گریڈ 1 سے 16 تک ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل ملک بھر کے سرکاری ملازمین اسلام آباد پہنچیں گے، سرکاری ملازمین مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے۔
رحمٰن باجوہ نے اپنے مطالبات میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب مطالبہ صرف تنخواہوں میں اضافہ نہیں وزیر خزانہ کی تبدیلی بھی ہوگا۔