• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IBCC کا پاکستان بھر میں ہم نصابی سرگرمیوں کا اعلان، شیڈول جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت، شفقت محمود کی ہدایت پر آئی بی سی سی نے ریجن سطح پر انٹر بورڈ ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے مقابلوں کا شیڈول جاری کردیا۔ جس کے مطابق پہلا پروگرام 11 فروری کو کراچی، دوسرا 16 فروری کو سکھر، تیسرا 18 فروری کو بہاولپور، چوتھا 22فروری کو لاہور، پانچواں 26 فروری کو اسلام آباد، چھٹا یکم مارچ کو پشاور اور ساتواں 4 مارچ کو ایبٹ آباد میں منعقد ہوگا۔ ریجن سطح پر پوزیشن لینے والے طلباء اور طالبات کے درمیان قومی سطح پر مقابلہ مارچ کے اختتام تک اسلام آباد میں کرایا جائے گا۔ یہ مقابلے نعت، قرآت، ملی نغمے اور بحث (debate) کی کیٹیگری میں ہونگے۔ آئی بی سی سی اس طرح کے مقابلے پہلی دفعہ کرائے گا۔ اس سے پہلے یہ مقابلے صرف کھیلوں کے میدان میں ہوتے تھے۔ یہ مقابلے انٹر بورڈ اسپورٹس کمیٹی اور انٹر یونیورسٹیز کنسورشیم کے تعاون سے کئے جائیں گے۔ ان پروگراموں کے کامیاب انعقاد کے بعد آئی بی سی سی طلباء اور طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے تخلیقی تحریر (creative writing) اور تخلیقی فنون (creative arts) کے مقابلے کا شیڈول جاری کریگا۔ یاد رہے کہ آئی بی سی سی کھیلوں کے مقابلوں کا سالانہ شیڈول پہلے ہی جاری کر چکا ہے۔

تازہ ترین