• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپرا بجلی کے نرخوں میں کمی، ڈٹیکشن بلز اور لوڈشیڈنگ کو روکے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخ پہلے ہی غریب صارفین کیلئے ناقابل برداشت ہیں اور اس میں مزید اضافہ نہ صرف صارفین پر اضافی بوجھ ڈالے گا بلکہ انہیں بجلی چوری کرنے لیے بھی مجبور کرسکتا ہے۔ انھوں نے نیپرا حکام سے بجلی کے نرخوں کو کم کرنے، غریب صارفین کیلئے ایک جامع پیکیج کا اعلان کرنے ، ڈٹیکشن بلز کا اجرا بند کرنے کی اپیل کی ہے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو پابند کیا کہ وہ کچھ صارفین کی عدم ادائیگی کیلئے پورے علاقے کے بجلی منقطع نہ کریں۔ وہ پیر کو ویزاعلیٰ ہائوس میں نیپرا کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ وفد کی سربراہی چیئرمین نیپرا توصیف حسین نے کی۔ جبکہ اراکین میں ممبر سندھ رفیق شیخ ، ممبر بلوچستان رحمت اللہ بلوچ اور ممبر خیبرپختونخوا بہادر شاہ شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر توانائی امتیاز شیخ اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے مد میں ٹیرف میں 1.53 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا بجلی کے نرخ پہلے ہی غریب صارفین کیلئے ناقابل برداشت ہیں اور اس میں مزید اضافہ نہ صرف صارفین پر اضافی بوجھ ڈالے گا بلکہ انہیں بجلی چوری کرنے لیے بھی مجبور کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں کو معقول بناکر بجلی چوری کے معاملے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ چیئرمین نے وزیراعلیٰ سندھ سے اتفاق کیا کہ ٹیرف سستا ہونا چایئے اور کہا کہ ٹیرف میں 1.53 روپے کا نیا اضافہ صرف ایک ماہ کیلئے ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک اور مسئلہ اٹھایا کہ حیسکو اور سیپکو کی جانب سے ڈٹیکشن بلز جاری کئے گئے اورہم نے لوگوں کو ڈٹیکشن بلز ادا کرنے کیلئے بھیک مانگتے دیکھا ہے اور یہ نا انصافی صرف سندھ میں ہوئی ہے۔

تازہ ترین