• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی جوہری سائنسدان کو ’اسرائیلی خفیہ ایجنسی ‘ نے قتل کروایا، برطانوی جریدے کا دعویٰ

تہران (جنگ نیوز )ایران کے انتہائی اہم جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کو گزشتہ نومبر میں تہران میں ’اسرائیلی انٹیلیجنس ایجنسی موساد‘ نے قتل کروایا تھا۔ برطانوی جریدے ʼجیوئش کرونیکل‘ (Jewish Chronicle) نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ برس نومبر میں ایرانی دارالحکومت میں ملکی جوہری پروگرام کی ایک انتہائی اہم شخصیت اور معروف سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کا واقعہ اسرائیلی فارن انٹیلیجنس ایجنسی موساد کی کارروائی تھا۔ساتھ ہی اس جریدے نے یہ بھی لکھا کہ فخری زادہ کو ایک ایسی مخصوص گن سے فائرنگ کر کے نشانہ بنایا گیا، جس کو مختلف حصوں کی صورت میں موساد نے ہی ایران میں اسمگل کروایا تھا۔اس برطانوی جریدے نے نام لیے بغیر انٹیلیجنس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ منصوبے پر کامیابی سے عمل درآمد ایک ایسی ٹیم کے ذمے تھا جس میں 20 سے زیادہ ایجنٹ شامل تھے جن میں اسرائیلی اہلکار بھی تھے اور ایرانی شہری بھی۔ایک برطانوی میڈیا کے مطابق اس کے نامہ نگار فوری طور پر خود لندن سے شائع ہونے والے جریدے ʼجیوئش کرونیکل‘ کی اس رپورٹ کے مندرجات کی تصدیق نہیں کر سکے۔

تازہ ترین