• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 سال میں جادوئی تبدیلی ناممکن، یہ مدت بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے کم، پنجاب میں عوامی ریلیف کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں، وزیراعظم

پنجاب میں عوامی ریلیف کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں، وزیراعظم


لاہور(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمانی جمہوریت میں ہر پانچ سال بعد انتخابات ہوتے ہیں اس لئے بد قسمتی سےایسے ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں جس کے اشتہار دیکر اگلے انتخابات میں عوام سے ووٹ لئے جاسکیں ‘ کسی بھی ملک میں پانچ سال کے دوران جادوئی تبدیلی ممکن نہیں۔

یہ مدت بڑے ترقیاتی منصوبوں کیلئے کم ہے ‘کسی بھی ملک کا مستقبل پانچ سال کی منصوبہ بندی سے نہیں بنتابلکہ ملکی ترقی کیلئے طویل المدتی منصوبوں کی ضرورت ہوتی ہے ‘پنجاب میں عوامی ریلیف کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں ‘ اربن فاریسٹ کا یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 

دریائے سندھ کے دائیں کنارے زیتون کے جنگلات اگائیں گے ‘ زیتون کے جنگلات سے خاموش انقلاب آئے گا‘ ماضی میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظرانداز کیا گیا جس کی وجہ سے صحت کا نظام غیر موثر ہو گیا اور اس کا سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوا۔

معاشی لحاظ سے کمزور طبقے کی امداد کے لئے خصوصی منصوبہ بنایا جائے تا کہ حکومتی وسائل کو بطور سبسڈی عوامی فلاح کے لئے موثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔

گندم کی ترسیل اور آٹے کی قیمت کے نظام کو جامع حکمت عملی کے تحت مستحکم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جیلانی پارک میں اربن فاریسٹ منصوبہ کی افتتاحی تقریب اور جائزہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

قبل ازیں عمران خان نے میاواکی پودا لگا کر منصوبہ کا افتتاح کیا جس کے تحت 50 مقامات پر جنگلات لگائے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے لاہور میں اسموگ سمیت آلودگی کی شرح بہت بلند ہے۔

فضائی آلودگی شہریوں خصوصاً بزرگوں اور بچوں کی صحت کیلئے بہت نقصان دہ ہے‘ملک کے 50 علاقوں میں نئے جنگلات کی بڑھوتری کو سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے ، عوام کو بھی جنگلات سے آگاہی کیلئے اقدامات کئے جائیں،ملک بھر میں شجرکاری کا موسم شروع ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں یہاں بڑے بڑے بزنس مین ہیں جو ٹیکس نہیں دیتے لیکن بڑے عطیات دیتے ہیں‘ وزراءسے کہوں گا ان سے عطیات لیے جائیں اور اس مہم کو کامیاب بنایا جائے ۔

دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری اور سستی سہولیات کی فراہمی اور سماجی تحفظ فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ہیلتھ کارڈ کی بدولت نہ صرف عام آدمی کو صحت کے حوالے سے تحفظ فراہم ہو گا بلکہ نظام صحت میں بھی انقلابی تبدیلی رونما ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صوبہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کے حوالے سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظرانداز کیا گیا جس کی وجہ سے صحت کا نظام غیر موثر ہو گیا اور اس کا سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوا ۔

ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کی بدولت نہ صرف عام آدمی کو صحت کے حوالے سے تحفظ فراہم ہو گا جس سے وہ گزشتہ 70سال سے محروم رہا بلکہ نظام صحت میں بھی انقلابی تبدیلی رونما ہو گی اور نظام صحت پختہ بنیا دوں پر استوار ہو گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ معاشی لحاظ سے کمزور طبقے کی امداد کے لئے خصوصی منصوبہ بنایا جائے تا کہ حکومتی وسائل کو بطور سبسڈی عوامی فلاح کے لئے موثر انداز میں استعمال کیا جا سکے، مستقبل میں عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے گندم کی ترسیل اور آٹے کی قیمت کے نظام کو جامع حکمت عملی کے تحت مستحکم کیا جائے۔

تازہ ترین