• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے امیدوار، تمام جماعتوں نے اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دیدی، بڑے نام سامنے آگئے

سینیٹ الیکشن، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے امیدوار


اسلام آباد، کراچی، لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) سینیٹ انتخابات کیلئے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) سمیت بڑی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کو حتمی شکل دیدی۔ الیکشن کیلئے ابھی سے ہیوی ویٹ نام سامنے آگئے ہیں۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں فرحت اللہ بابر کو اور اسلام آباد کی نشست کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ 

جس پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے نام پر کوئی اختلاف والی بات ہی نہیں ہے،اگر انکا نام متفقہ امیدوار کے طور پر سامنے آتا ہے تو ہماری پارٹی کو اس پر کوئی اختلاف نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئےبڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار فائنل ہو گئے۔ 

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے سینیٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لیے گئے ہیں، اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کے امیدوار فائنل کئے گئے ہیں۔

سندھ سے فیصل واوڈ اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو، بلوچستان سے عبدالقادر، پنجاب سےسیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہونگے، باقی نشستوں کا اعلان بعد میں ہوگا، خیبر پختونخواسے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہو گا۔ 

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے جو سینیٹ الیکشن 2021ءکیلئے قائم کیاگیا تھا۔ جمعہ کو پیپلز پارٹی کے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیکر ان کا اعلان کردیا ہے۔ 

پیپلز پارٹی بلاول ہاؤس میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ سے جام مہتاب ڈاہر،تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پرفاروق نائیک، شہادت اعوان اور کریم خواجہ پارٹی امیدوار ہوں گے۔ خواتین کی نشست کیلئے پلوشہ خان، خیرالنساءمغل اور رخسانہ شاہ (کورنگ) امیدوار ہونی۔

پنجاب کی جنرل نشست کے لئے عظیم الحق منہاس امیدوار ہونگے جبکہ پیپلز پارٹی نے صوبہ کے پی میں فرحت اللہ بابر کو اور اسلام آباد کی نشست کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کی منظوری سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے دی۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے بھی سینیٹ کی جنرل نشستوں کیلئے پرویز رشید ، مشاہداللہ اور اعظم نذیر تارڑ کے نام فائنل کرلیے گئے۔ 

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نےسینیٹ میں پارٹی ٹکٹ کیلئےناموں کوحتمی شکل دیدی ہے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق پارلیمانی بورڈ نےصوبہ پنجاب سے پارٹی کے 5رہنماؤں کے ناموں کی منظوری دیدی ہے، ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جنرل سیٹ پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان اور پروفیسر ساجد میر کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

دوسری طرف جمعیت علماءاسلام نے خیبرپختونخوا سے 5امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل نشستوں کیلئے صوبائی امیر مولاناعطاءالرحمٰن،طارق خٹک اورحاجی زبیر علی کاغذات جمع کرائینگے۔ 

خواتین کی نشست کیلئے ایم پی اے نعیمہ کشور جبکہ اقلیتی نشست پر ایم پی اے سرداررنجیت سنگھ امیدوار ہونگے۔ پی ڈی ایم کا صوبائی سربراہی اجلاس 15فروری کو ہوگا جس میں متفقہ امیدواروں کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ 

نجی ٹی کے مطابق رحمٰن ملک اور اسلام الدین شیخ کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔ ایم کیو ایم (پاکستان) نے خواجہ سہیل منصورسمیت چار امیدواروں کو سینیٹ الیکشن کیلئے فارم جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے اقبال ایم اے قادری کے نام پر سنجیدگی سے غور کیا جبکہ خواتین کی نشست پرنسرین جلیل کے نام پر بھی غورکیاگیا۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن کیلئے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر تجویز کردیا۔ 

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اس میں اختلاف کی کوئی بات ہی نہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے خیبرپختونخوا سے فرحت اللہ بابر کو پی ڈی ایم کے دوسرے مشترکہ امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا۔ 

صحافی کے اس سوال یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق ہوا آپ کا ،پی ڈی ایم میں کوئی ڈسکشن ہوئی اس حوالے سے یا ابھی نہیں ہوئی؟اس پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ میرا خیال ہے یہ کوئی اختلاف والی بات ہی نہیں ہے۔متفقہ امیدوار کے طور پر اگر آتے ہیں تو ہماری پارٹی کی طرف سے کوئی ایسی بات نہیں ہے۔

علاوہ ازیں نمائندہ جنگ کے مطابق اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی کا نام پی ڈی ایم کے مجوزہ مشترکہ نمائندے کے طور پر سامنے آیا ہے، ایک روز قبل ان کے بیٹے قاسم گیلانی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ٹوئٹ میں اس بات کی تردید کی تھی کہ انکے والد اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن لڑیں گے۔ 

تاہم قاسم گیلانی نے جمعے کے روز رابطہ کرنے پر تصدیق کی کہ ان کے والد نے اپنا ذہن تبدیل کرلیا ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اصرار پر وہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ 

تاہم پیپلز پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یوسف رضا گیلانی کا نام پی ڈی ایم نے تجویز کیا ہے اور اگر پی ڈی ایم ان کی حمایت پر راضی ہوتی ہے تو پھر وہ مشترکہ امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لینگے۔ 

جمعرات کو رات گئے ذرائع کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے تاہم بلال بھٹو زرداری نے ان سے اصرار کیا جبکہ جمعے کے روز ان کا نام پارٹی امیدواروں کی حتمی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔ 

ذرائع نے بتایا کہ پی ایم ایل ان پہلے ہی اسلام آباد سے مشترکہ امیدوار کیلئے سید یوسف رضا گیلانی کے نام پر اپنی حمایت کا عندیہ دے چکی ہے اور حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔ 

اس بات کا امکان ہے کہ پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس آئندہ چند روز میں ہوگا جس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو اسلام آباد سے اور فرحت اللہ بابر کو خیبرپختونخوا سے پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار نامزد کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ 

دریں اثناء سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ ہفتے کے روز اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف یوسف رضا گیلانی کا نام تجویز کریں گے اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ان کے تائید کنندہ ہوں گے۔            

تازہ ترین