اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)بجلی کے صارفین کے مفادات کا تحفظ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا ایک مینڈیٹ ہے۔ اس مقصد کے لئے نیپرا نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر یعنی لاہور ، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ملتان ، حیدرآباد اور سکھر میں اپنے علاقائی دفاتر قائم کیے ہیں ترجمان نیپراکے مطابق اتھارٹی نے گوادر اور مکران خطے کے بجلی صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے گوادر میں اپنا علاقائی دفتر قائم کرلیا جس کاگزشتہ روز باقاعدہ افتتاح کیاگیا ، جس میں نیپرا اتھارٹی مختلف سرکاری محکموں ، کیسکو کے اعلی عہدیداران اور کاروباری اور مقامی کمیونٹیز کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین نیپرا ، توصیف ایچ فاروقی اور رکن صارف امور نیپرا رحمت اللہ بلوچ نے بھی خطاب کیا۔