واشنگٹن(جنگ نیوز )امریکی محکمہ دفاع (پنٹاگون) نے باور کرایا ہے کہ مشرق وسطی میں اس کے پاس ایسی فورسز ہیں جو ایرانی خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔واشنگٹن میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے پنٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ "جیسا کہ صدر (جو بائیڈن) یہ کہہ چکے ہیں کہ ہم ایران کو پھر سے جوہری معاہدے پر عمل درامد کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، اسی طرح وزیر دفاع (لائڈ اوسٹن) بھی یہ باور کرا چکے ہیں کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کر لیے تو مشرق وسطی کا کوئی بھی مسئلہ حل کرنا آسان نہیں ہو گا"۔ترجمان نے زور دیا کہ امریکی انتظامیہ کا موقف اس حوالے سے واضح ہے اور وہ یہ کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایران یہ صلاحیت حاصل کرے۔ترجمان کے مطابق امریکی وزیر دفاع روزانہ کی بنیاد پر اس سوچ پر کام کر رہے ہیں کہ "خطے میں ایسی ثابت قدم اور متحرک فورس کو یقینی بنایا جائے جو ایرانی خطرات کے ساتھ نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہو"۔