• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI میں میرٹ نہیں پیسے پر ٹکٹ دیئےجارہے ہیں، جاوید لطیف


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ کوئی شخص فائرنگ کرے تو اس کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، تحریک انصاف کا کوئی عہدیدار ایسے کسی شخص کی سپورٹ نہیں کرے گا، پارلیمانی بورڈ کی رائے کے برخلاف رائے آنے پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ٹکٹ تبدیل کیا گیا،ووٹوں کی خرید و فروخت کا کالا دھندا روکنا چاہتے ہیں۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف بھی شریک تھے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کسی شخص یا کارکن کے عمل کی ذمہ داری سیاسی جماعت پر نہیں ڈالی جاسکتی، یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر مضحکہ قسم کا اعتراض کیا گیا ہے، حکومت کی اکثریت ہے اسے سابق وزیراعظم سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے

۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کارکنوں کیخلاف سیاسی جماعتوں کو خود کارروائی کرنی چاہئے، پی ٹی آئی میں ٹکٹ میرٹ دیکھ کر نہیں پیسے دیکھ کر دیئے جارہے ہیں،زاہد حامد کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ نہیں ہوا اعظم نذیر تارڑ ہی ہمارے امیدوار ہیں۔

پروگرام میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لاپتہ افراد کے لواحقین کے ڈی چوک پر دھرنے سے متعلق رپورٹ بھی دکھائی گئی۔صداقت علی عباسی نے کہا کہ کوئی بھی شخص ذاتی حیثیت میں فائرنگ کرے تو اس کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، تحریک انصاف کا کوئی عہدیدار یا ایم این اے کا امیدوار اس شخص کی سپورٹ نہیں کرے گا، تحریک انصاف دیگر جماعتوں کی طرح نہیں جہاں بھانجے بھتیجے ٹکٹ بانٹتے ہیں

پی ٹی آئی کا پارلیمانی بورڈ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرتا ہے ،اگر کارکن راضی نہ ہوں تو فیصلہ تبدیل ہوجاتا ہے، پارلیمانی بورڈ کی رائے کے برخلاف رائے آنے پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ٹکٹ تبدیل کیا گیا،فیصل واوڈا کے خلاف اور حق میں بھی رائے آئی ہے۔

صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمیں سرپرائز دیتے دیتے خود سرپرائز ہوجاتی ہے، پی ٹی آئی میں سینیٹ ٹکٹ میرٹ پر دیئے جارہے ہیں، ڈاکٹر ہمایوں میمن ٹاپ لیول کے پلاسٹک سرجن اور پی ٹی آئی کے پرانے کارکن ہیں ، پنجاب میں ہماری امیدوار ڈاکٹر زرقا ہیں، سیف اللہ نیازی پہلے دن سے تحریک انصاف کا حصہ اور اہم عہدوں پر رہے ہیں۔

صداقت علی عباسی نے کہا کہ مریم نواز کا عدلیہ سے متعلق بیان غیرمناسب ہے، ہم ووٹوں کی خرید و فروخت کا کالا دھندا روکنا چاہتے ہیں، پی ڈی ایم سینیٹ میں کالا دھندا جاری رکھنے کی پوری کوشش کررہی ہے۔ صداقت علی عباسی کا کہناتھاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی چوک پر مظاہرے یا دھرنے نہ دینے کا فیصلہ دیا ہوا ہے۔

تازہ ترین